قوم پرستوں کی ہڑتال ن لیگ نے حمایت کردی

نیا بلدیاتی نظام خود متحدہ کے خلاف بھی سازش ہے،صدر ن لیگ سندھ، غوث علی شاہ

مسلم لیگ(ن) کے رہنما غوث علی شاہ پریس کانفر نس کررہے ہیں، دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔ فوٹو: این این آئی

مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اورسابق وفاقی وزیر سید غوث علی شاہ نے نئے عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا وقت گزر چکا ہے۔


لوکل باڈیز کے انتخابات ہم کرائیں گے ، موجودہ حکومت کو یہ کام پہلے کرنا تھا۔ وہ ہفتے کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ن لیگ کے صوبائی جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء ایڈووکیٹ ، جے یو پی کے سینئر نائب صدر شاہ اویس احمد نورانی ، شاہ محمد شاہ ، زین شاہ ، انجینئر شاہ میر خان ، ملک ایوب اعوان ، سید نہال ہاشمی ، علی اکبر گجر ، رانا احسان ، امداد چانڈیو ، علی حسن چانڈیو ، غلام شاہ و دیگر بھی موجود تھے ۔

غوث علی شاہ نے نئے بلدیاتی نظام کو سندھ میں بسنے والے لوگوں کو لڑانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظام خود ایم کیو ایم کے خلاف بھی سازش ہے وہ اس بات کو سمجھیں،ہم سندھ میں وہ نظام چاہتے ہیں جو باقی تین صوبوں میں موجود ہے،یہ نظام سندھ کو تقسیم کرنے کی جانب پہلا قدم ہے اگر سندھ کمزور ہوگا تو پاکستان کے ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا،موجودہ حکومت ساڑھے چار سال سے اقتدار میں ہے ، اگر وہ بلدیاتی نظام سے مخلص ہوتی تو چور دروازے کو استعمال نہ کرتی، یہ عمل شہری و دیہی عوام کو لڑانے کی سازش ہے جو کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ انھوں نے 13 ستمبر کو قوم پرست جماعتوں کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں گے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج بھی جاری رکھیں گے ۔

Recommended Stories

Load Next Story