’’دو دھاری تلوار‘‘ کے وار سے سری لنکن شکار کا منصوبہ

مصباح نے میچ میں کامیابی کے امکان کو پچ سے مشروط کردیا،آئی لینڈرز نے تاریخ رقم کرنے کی تیاری کرلی

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن کے دوران پاکستانی کرکٹرز رننگ کر رہے ہیں، سری لنکا سے تیسرا اور آخری ٹیسٹ آج شروع ہو گا، فوٹو: اے ایف پی

شاجہ ٹیسٹ جمعرات کو شروع ہوگا، پاکستان نے ''دو دھاری تلوار'' کے وارسے سری لنکن شکارکا منصوبہ تیار کرلیا۔

سیریز ہاتھ سے نکلتی دیکھ کرگرین کیپس آزمودہ اسپن فارمولے کی جانب لوٹ آئے، سعید اجمل کے ساتھ عبدالرحمان بھی میدان سنبھالیں گے، بیٹسمینوں نے بھی فلیٹ وکٹ پر رنز کے انبار لگانے کے خواب آنکھوں میں سجا لیے، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم فائدے میں رہ سکتی ہے، تیسرے دن سے سلو بولرز اپنا کام دکھانے لگیں گے، پاکستانی بیٹنگ لائن میں شان مسعود یا اظہر علی کی واپسی کو خارج ازامکان قرارنہیں دیا جاسکتا، حفیظ کو ٹیسٹ سلیکشن درست ثابت کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا جانا یقینی ہے، کپتان مصباح الحق نے سیریزکی برابری کے امکان کو پچ سے مشروط کردیا، انھوں نے کہاکہ دیکھنا یہ ہوگاکہ ہمیں شارجہ میں وکٹ کس طرح کی ملتی ہے، اب تک تو کنڈیشنز ہمارے لیے موزوں ثابت نہیں ہوئیں۔

دوسری جانب سری لنکا نے دیار غیرمیں تاریخ رقم کرنے کی تیاری کرلی، کپتان انجیلو میتھوز نے کہاکہ ہماری منزل سیریز میں کامیابی ہے، سہل پسندی کا شکار نہیں ہوںگے، وکٹ پر پاکستانی کنفیوژن کا اصل فائدہ ہم نے اٹھایا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تین ٹیسٹ کی سیریز میں0-1 سے خسارے کا شکار اور کپتان مصباح الحق اس کی وجہ مکمل طور پر پچزکو ہی قرار دیتے ہیں، اس لیے انھیں اور باقی ٹیم کو یہ امید ہے کہ شارجہ میں وکٹ مدد کرے گی، جس کی بدولت وہ سری لنکا کے خلاف سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوں گے،2009 میں انٹرنیشنل کرکٹ کی ملک سے دوری کے بعد سے پاکستان یو اے ای میں کوئی سیریز نہیں ہارا، اس ریکارڈ کو برقرار رکھنے کیلیے شارجہ میں لازمی فتح درکار ہے جہاں آئی لینڈرز کا شکار کھیلنے کیلیے جال بچھا دیا گیا،اس سے قبل ابوظبی اور دبئی کے دونوں میچز میں پاکستانی قوت اسپن بولنگ کو کوئی مدد حاصل نہیں ہوئی تھی، سعیداجمل بھی اپنا جادو نہیں جگا پائے تھے مگر اب یہاں پر من پسند پچ میسر آنے کے امکانات کی وجہ سے ان کے ساتھ عبدالرحمان کو بھی میدان میں اتارا جائے گا۔




بلاول بھٹی ہیمسٹرنگ انجری کے سبب نہیں کھیلیں گے، راحت علی کی جگہ طلحہٰ کو دی جاسکتی ہے۔ خرم منظور ابوظبی میں ناکام رہے جس پر انھیں ڈراپ کیے جانے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں مگر دبئی میں موقع پاکر انھوں نے فارم بحال ہونے کا اشارہ دیا، البتہ احمد شہزاد اور حفیظ ابھی تک اپنی موجودگی کا احساس نہیں دلا پائے ہیں، حفیظ نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین سنچریاں اسکور کی تھیں جس کی وجہ سے انھیں ٹیسٹ کیلیے منتخب کیا گیا، اسکواڈ میں اوپنر شان مسعود اور مڈل آرڈر بیٹسمین اظہر علی موقع پانے کے منتظر ہیں، اسد شفیق کو بھی ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔

مصباح الحق نے کہاکہ سری لنکا سے سیریز برابر کرنے کا انحصار پچ پر ہے، دیکھنا ہوگا کہ ہمیں کس قسم کی پچ ملتی ہے، اب تک تو ہم وکٹ سے کوئی بھی فائدہ حاصل نہیں کرپائے، ہم یہ میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ دوسری جانب سری لنکا پاکستان کے خلاف سیریز میں کامیابی کیلیے پُراعتماد ہے، شارجہ میں میچ ڈرا ہونے سے بھی اس کی امیدیں برآئیں گی۔ کپتان انجیلو میتھیوز نے کہاکہ ہم وننگ کمبی نیشن میں کوئی اکھاڑ پچھاڑ نہیں کرنا چاہتے مگر حتمی فیصلہ کنڈیشنز کو دیکھ کر کریں گے، انھوں نے کہا کہ سیریز میں اب تک پاکستان پچ کے حوالے سے کنفیوژن کا شکار رہا جس کا ہمیں کافی فائدہ پہنچا ہے، ہم سیریز جیتنے کیلیے پُرعزم ہیں،کسی صورت سہل پسندی کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔
Load Next Story