ورلڈ کپ کوالیفائر نمیبیا نے نیدرلینڈز کو اپ سیٹ شکست دے دی

جمی ہنسرا کی سنچری کے باوجود کینیڈا کو یواے ای کے ہاتھوں 80رنز سے مات

دوسرے میچ میں جمی ہنسرا کی سنچری کے باوجود کینیڈا کو یواے ای کے ہاتھوں 80رنز سے مات ہوگئی۔ فوٹو: فائل

NEW YORK:
آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کوالیفائر میں نمیبیا نے نیدرلینڈز کو 91 رنز سے اپ سیٹ شکست دے دی، دوسرے میچ میں جمی ہنسرا کی سنچری کے باوجود کینیڈا کو یواے ای کے ہاتھوں 80رنز سے مات ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کیلیے ٹاس جیت کر نمیبیاکو بیٹنگ دینے کا فیصلہ بھیانک غلطی ثابت ہوا، افریقی سائیڈ نے مقررہ 50 اوورزمیں6 وکٹ پر 253 کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیا، گیری سنیمین نے سوفیصد اسٹرائیک ریٹ سے 74رنز اسکور کیے، 32 سالہ بیٹسمین کی اننگزمیں9 بائونڈریز شامل رہیں، انھوں نے نکولس شولز (27) کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلیے 58رنز کی قیمتی شراکت بنائی، کرسٹی ویلیجون (46 ناٹ آئوٹ ) اور کریگ ولیمز(36) نے بھی ٹیم کیلیے عمدہ اننگز کھیلیں، مدثر بخاری نے 40 رنز دیکر3 وکٹیں لیں، نمیبیا کی نپی تلی بولنگ کے سامنے ڈچ ٹیم 36.5 اوورز میں 162رنز پر ہمت ہاربیٹھی، کرسٹی ویلیجون نے 4 وکٹیں لیں، اسٹیفن مے برگ (40) اورکپتان پیٹر بورین (29) کے بعد مائیکل ریپون (44 ناٹ آئوٹ) ہی کچھ مزاحمت کرپائے۔




رینگورا میں یواے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ پر 286رنز جوڑے، امجد علی (91) اور کپتان خرم خان (88) کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 130رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی، سواپنل پٹیل نے 36رنز بناکر اپنا حصہ ڈالا، جوابی اننگز میں ابتدائی پانچ اوورز میں 9رنز پر کینیڈا کی تین وکٹیں گر گئیں، کپتان جمی ہنسرا نے 100 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، رضا الرحمان نے 43 رنزبناکرکسی حد تک ان کا ساتھ نبھایا لیکن ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 206 رنزہی بناپائی، خرم اور نوید نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story