گلستان جوہرمیں مخبری کے شبہے میں میاں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

مقتولین رواں سال 19 مارچ کو مقابلے میں مارے جانے والے انتہائی مطلوب ملزم کے سہولت کاربھی تھے

مقتولہ خاتون فوزیہ نوازمہرایم کیوایم لندن کے دہشت گرد رئیس مما کی سابقہ بیوی تھی۔(فوٹو:ایکسپریس)

گلستان جوہرمیں رہائشی اپارٹمنٹ کےفلیٹ میں میاں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کومخبری کے شبہے میں اپنے ہی ساتھیوں نے قتل کیا، مقتولین 19 مارچ کو مقابلے میں مارے جانے والے ملزم کے سہولت کاربھی تھے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح شاہراہ فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہربلاک 18 پرفیوم چوک کے قریب واقع رہائشی اپارٹمنٹ بلیزہائٹس کے فلیٹ نمبر6/602 سے خاتون اورمرد کی لاشیں ملی جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا اطلاع ملنے پرپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورلاشوں کوتحویل میں لینے کےبعد ضابطے کی کارروائی کےلیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

مقتولہ خاتون کی شناخت 40 سالہ فوزیہ نوازمہرکے نام سے ہوئی جو ایم کیوایم لندن کے دہشت گرد رئیس مما کی سابقہ بیوی تھی، جب کہ مرد کی شناخت 24 سالہ جعفرحسین کے نام سے کرلی گئی، قتل ہونے والے افراد آپس میں میاں بیوی تھے اوران کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا۔

اس حوالے سے ایس ایچ اوشاہراہ فیصل افتخار حسین آرائیں نے بتایا کہ میاں بیوی کو قتل کرنے کا واقعہ صبح 8 بج کر20 منٹ کے قریب پیش آیا، اوراس دوہرے قتل کے تانے بانے 19 مارچ 2021 کے پولیس مقابلےسےملتے ہیں۔ جس فلیٹ میں میاں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، 19 مارچ کواسی فلیٹ میں پولیس مقابلہ ہوا تھا جس میں پولیس کوانتہائی مطلوب ملزم واحد بخش عرف فوجی جلبانی مارا گیا تھا، مرنے والے ملزم نے گزشتہ سال ستمبر میں ہونے والے پولیس مقابلے میں ایڈیشنل ایس ایچ اوگلستان جوہرسب انسپکٹررحیم خان کوشہید کیا تھا۔


انھوں نے کہا کہ 19مارچ 2021 کوہونے والے پولیس مقابلے میں مقتول میاں بیوی سہولت کاری کے کیس میں مفرورتھے، مقابلے کے دوران پولیس نے مقتولہ خاتون کو گرفتارکرلیا تھا، جبکہ شوہرفرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا، مذکورہ خاتون کوعدالت نے جیل بھیج دیا تھا جہاں سے وہ ایک ہفتے بعد ہی رہا ہوگئی تھی۔ جبکہ شوہرجعفر حسین نے ضانت قبل ازوقت گرفتاری لے لی تھی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ19 مارچ کے مقابلے کے بعد سے مذکورہ فلیٹ خالی تھا اورمیاں بیوی کسی اور جگہ رہائش پذیر تھے اورمنگل کی شب ہی یہ دونوں مذکورہ فلیٹ میں منتقل ہوئے تھے۔ پولیس کو فلیٹ سے 30 بور پستول کے 4 خول بھی ملے جوپولیس نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں، جبکہ فلیٹ سے دیگرشواہد بھی اکٹھے کرلیے گئے۔

پولیس کی مزید تفتیش سے انکشاف ہوا کہ میاں بیوی کے قتل میں مبینہ طور پر پولیس مقابلے میں مارے گئے ملزم واحد بخش عرف فوجی جلبانی کا بیٹا عزیز احمد عرف جلبانی اور اس کے ساتھی ملوث ہیں۔ ملزم عزیز احمد گزشتہ تین روز سے مقتولین میاں بیوی کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول کے بھائی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مقتول جعفرحسین نے اسے فون پر بتایا کہ تھا کہ خدا بخش عرف فوجی جلبانی کا بیٹا عزیز جلبانی کراچی آیا ہوا ہے اور گزشتہ تین روز سے ان ہی کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ رہائشی عمارت میں پہلے موٹرسائیکل پر سوار2 مسلح ملزمان رہائشی اپارٹمنٹ میں داخل ہوتے ہیں اور فلیٹ کےنتیجے کھڑے ہو جاتے ہیں اس کے بعد ایک ملزم سڑھیوں سے نیچے اترتا ہے اور تینوں ایک ساتھ باتیں کرناشروع کر دیتے ہیں اس کے بعد لفٹ کے ذریعے تینوں ملزمان چھٹی منزل پر واقع فلیٹ پر چلے جاتے ہیں اور فائرنگ کرکے میاں بیوی کوقتل کر دیتے پھرتینوں ایک ساتھ نیچے اترتے ہیں اورموٹر سائیکل پر سوار ہوکر فرارہو جاتے ہیں۔
Load Next Story