امریکی اکنامک آفیسر کا پاک بھارت تعلقات مستحکم بنانے پر زور

دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات سے پورے خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کوفروغ ملے گا،امریکی قونصلیٹ کے اکنامک آفیسر

متعصب بھارتی رویے سے تاجروں کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے، صدر کراچی چیمبر آف کامرس. فوٹو: فائل

لاہور:
امریکی قونصلیٹ کے اکنامک آفیسر رچرڈ بیکویل اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیااور کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات سے پورے خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کوفروغ ملے گا۔

امریکی قونصلیٹ کے اکنامک آفیسر رچرڈ بیکویل نے کراچی چیمبر کے دورے پر کہا کہ امریکا، پاکستان اور بھارت کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔ صدر کے سی سی آئی عبداللہ ذکی نے نان ٹیرف بیریئرز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلیے موثر اقدمات کی ضرورت ہے، تجارت کے بڑھتے خسارے کے باعث پاکستان، بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینے سے گریزاں ہے، پاکستانی برآمدکنندگان کو بھارتی منڈیوں میں بلارکاوٹ رسائی نہ ہونے، مختلف ٹیرف اور نان ٹیرف بیریئرزاورانتظامی خامیاں تجارت کے فروغ میں رکاوٹیں ہیں جبکہ بھارت کے پاکستان کے ساتھ متعصب رویے سے تاجروں کا اعتماد مجروح ہو رہاہے۔




انہوں نے کہاکہ ویزا پابندی اور کسٹم کلیئرنس میں مسائل کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو مشکلات کاسامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ پوری طرح تجارتی مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا پارہے، پاک بھارت سرحدی کشیدگی سے تاجر برادری کیلیے مشکلات پید اہوتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کراچی چیمبربھارت کوپسندیدہ ملک کا درجہ دینے کے حق میں ہے اور اس کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر بنانے کاخواہش مند ہے۔
Load Next Story