شاہ زیب قتل کیس شاہ رخ کی اپیل خصوصی بینچ کے سامنے پیش کرنے کا حکم

بینچ کے روبرو زمینوں کے معاملے ہیں،اپیل دہشت گردی کے مقدمے کی ہے،خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل کیلیے بینچ موجود ہے

جسٹس عرفان سعادت کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے درخواست متعلقہ بینچ منتقل کرنے کے لیے معاملہ چیف جسٹس ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔ فوٹو: فائل

عدالت عالیہ نے شاہ زیب قتل کیس میں سزا یافتہ مجرم شاہ رخ جتوئی کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ملتوی کرکے درخواست متعلقہ بینچ میں منتقل کرنے کیلیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا۔

جمعرات کو جسٹس عرفان سعادت کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کے موقع پر کہا کہ اس بینچ کے روبرو زمینوں کے معاملات پیش کیے جارہے ہیں جبکہ یہ اپیل دہشت گردی کے مقدمے سے تعلق رکھتی ہے، سندھ ہائیکورٹ میں خصوصی عدالتوں کے فیصلوں کے متعلق اپیلوں کی سماعت کے لیے علیحدہ سے خصوصی بینچ موجود ہے اس لیے یہ اپیل سماعت کے لیے خصوصی اپیلٹ بینچ کے روبرو ہی پیش کی جائے۔




واضح رہے کہ شاہ رخ جتوئی اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے مقتول شاہ زیب کے والد ڈی ایس پی اورنگزیب خان اور ان کے اہل خانہ نے سندھ ہائیکورٹ میں حلف نامے جمع کرائے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے ملزمان کو معاف کردیا ہے،انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مرکزی ملزمان شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ دیگر 2 شریک ملزمان سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی عدالت نے چاروں ملزمان کو مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کا بھی حکم دیا تھا، عدالت نے شاہ رخ جتوئی کو اسلحہ ایکٹ کے تحت بھی3 سال قید جبکہ ملزم غلام مرتضیٰ لاشاری کو مقتول کی بہن کو چھیڑنے کے جرم میں مزید ایک سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔
Load Next Story