شارجہ ٹیسٹ پاکستانی ’’سلو پوائزن‘‘ کا سری لنکنز پر محدود اثر

جے وردنے47 رنز پر آئوٹ ہوئے،محمد طلحہ نے گیند لگنے کے خوف سے میتھیوز کو صفر پر کاٹ اینڈ بولڈ کرنے کا موقع گنوایا

تیسرا ٹیسٹ: شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا لیگ سائیڈ کی جانب شاٹ کھیل کر رن لینے کیلیے کوشاں، پاکستان کیخلاف انھوں نے52 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

شارجہ ٹیسٹ کے ابتدائی روز پاکستانی '' سلو پوائزن'' کا سری لنکنز پر محدود اثر ہوا، ٹیم نے اسپنرز کے وار جھیلتے ہوئے 5 وکٹ پر220 رنز بنالیے۔

گرین کیپس کی جانب سے ریویو نہ لینے پر موقع پانے والے کمارسنگاکارا نے کیریئر کی 44 ویں ففٹی جڑی، مہیلا جے وردنے 47 رنز پر آئوٹ ہوئے، محمد طلحہ نے گیند لگنے کے خوف سے ڈینجرمین انجیلو میتھیوز کو صفر پر کاٹ اینڈ بولڈ کرنے کا موقع گنوایا، کپتان دن کے اختتام پر 24 اور پرسنا جے وردنے 28 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کے درمیان 54 رنز کی شراکت ہوچکی، سعید اجمل نے2وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سیریز برابر کرنے کیلیے شارجہ میں اپنا من پسند سلو ٹریک توحاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا، مگر وہ سری لنکا کو ابتدائی روز اتنا نقصان نہیں پہنچا سکا جس کی توقع تھی۔ اسپن بولنگ کو عمدگی سے کھیلنے والی مہمان ٹیم نے اس بار ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر پاکستان نے لنچ سے قبل اور بعد میں دونوں اوپنرز کو خطرناک ہونے سے پہلے ہی واپسی کا پروانہ تھما دیا، سیریز میں 81، 95 اور 58 رنز بنانے والے کوشل سلوا اس بار صرف 17 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔




انھوں نے ایک چوکا لگایا، فاسٹ بولر محمد طلحہٰ کے دوسرے اسپیل میں وہ وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوئے، لیفٹ ہینڈر ڈیموتھ کرونا رتنے کا لنچ کے بعد پہلے اوور میں اسپنر عبدالرحمان کی گیند پر فرسٹ سلپ میں یونس خان نے کیچ لیا، انھوں نے ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے، اب وکٹ پر سینئر جوڑی کمارسنگاکارا اور مہیلا جے وردنے یکجا ہوئی، دونوں نے مجموعے کو 65 سے 125 تک پہنچایا تاہم 52 کے انفرادی اسکور پر کمارسنگاکارا نے جنید خان کی گیند کو سیدھا مڈ وکٹ پر موجود خرم منظور کے ہاتھوں میں پہنچا دیا، لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین 14 رنز پر رخصت ہوسکتے تھے جب عبدالرحمان کی گیند ان کے گلوز چھوتی ہوئی سلپ میں یونس خان کے ہاتھوں میں گئی، زوردار اپیل کے باوجود بھارتی امپائر سندرن روی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، بدقسمتی سے پاکستان نے بھی ریویو نہیں لیا جبکہ ٹی وی ری پلیز میں گیند گلوو سے چھوتی ہوئی صاف دکھائی دے رہی تھی، سنگاکارا نے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور جنید خان کو اپنی پانچویں بائونڈری جڑ کر کیریئر کی 44 ویں نصف سنچری مکمل کی۔

دبئی میں 129 رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 9 وکٹ سے فتح دلانے والے مہیلا جے وردنے نے 108 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 47 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، ان کی ایک اور بڑی اننگز کا خواب ٹی بریککے بعد سعید اجمل نے چکنا چور کیا، اظہر علی نے شارٹ لیگ پر عمدگی سے کیچ تھاما، سعید نے جلد ہی 166 رنز پر سری لنکا کے پانچویں کھلاڑی کو بھی میدان سے باہر بھیج دیا جب اسد شفیق نے مڈ وکٹ پر تیزی سے بھاگتے ہوئے دنیش چندیمل( 11) کا شاندار کیچ تھاما، پاکستان کو اس موقع پر کھیل پر کنٹرول مستحکم کرنے کا موقع میسر آیا جب کپتان انجیلو میتھیوز نے بغیر کوئی رن بنائے گیند دوبارہ بولر طلحہ کی جانب اچھالی مگر وہ خود کو اس کی زد میں آنے سے بچانے کی کوشش میں کیچ قابو نہیں کرپائے، جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو میتھیوز 24 اور پرسنا جے وردنے 28 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کے درمیان 54 رنز کی شراکت ہوچکی، سعید اجمل نے 62 رنز دے کر2وکٹیں لیں۔
Load Next Story