پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ نیشنل بینک نے پی ٹی وی کا قصہ تمام کردیا

پیسر جمال انور نے 6 وکٹیں اڑا کر ٹیم کو اننگز سے کامیابی دلا دی، یوبی ایل نے اسٹیٹ بینک کو 122 رنز سے زیر کرلیا

پورٹ قاسم کیخلاف پی آئی اے کے شہریار غنی نے شکست کو پرے دھکیل دیا۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیشنل بینک نے پی ٹی وی کا قصہ اننگز اور 53 رنز سے تمام کردیا، پیسر احمد جمال نے 6 وکٹیں اپنے نام کیں۔

یوبی ایل نے اسٹیٹ بینک کو 122 رنز سے آئوٹ کلاس کیا، عاطف مقبول نے میچ میں 8 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔ کے آر ایل کے سامنے واپڈا کی ٹیم شکست کے دہانے پر پہنچ گئی،سنچری میکر نیر عباس نے 7 وکٹیں لیں۔ پورٹ قاسم کیخلاف پی آئی اے کے شہریار غنی نے ناقابل شکست 157 رنز بناکر شکست کو پرے دھکیل دیا، انور علی نے 74 کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق چار روزہ میچ کے تیسرے دن راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ٹی وی نے ایک وکٹ پر 96 رنز سے نامکمل دوسری اننگز کا آغاز کیا،پیسر احمد جمال نے اسے219 سے آگے نہ بڑھنے دیا، عطاء اللہ نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، نواز احمد کی مزاحمت 85پر دم توڑ گئی، فہد الحق42 اور محمد سمیع 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔قبل ازیں نیشنل بینک نے397 رنز بنا کر 272 کی برتری حاصل کی تھی۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میزبان نے اسٹیٹ بینک کو 122 رنز سے زیر کیا، فاتح سائیڈ نے حریف کو257 رنز کا ہدف دیا، ناکام ٹیم کی ہمت 134 پر ہی جواب دے گئی،پہلی اننگز میں5 شکار کرنے والے عاطف مقبول نے دوسری کاوش میں 3 وکٹیں اپنے نام کیں، یوبی ایل نے دن کا آغاز 5 وکٹ پر 192 رنز کے ساتھ کیا، مگر محمد نوید اورتابش خان نے باقی ٹیم کو 62 رنز بنانے کے بعد پویلین بھیج دیا، تابش نے 5 وکٹیں اڑائیں، پہلی کاوش میں 6 پلیئرز کوآئوٹ کرنے والے محمد نوید نے مزید 4 پلیئرز کو میدان بدر کیا، عابدعلی نے 73 اور سعید بن عزیز نے 55 کے ساتھ ٹیم کو قابل قدر مجموعہ ترتیب دینے میں مدد فراہم کی۔




یوبی ایل نے پہلی کاوش میں 147 اور اسٹیٹ بینک نے 145 رنز بنائے تھے۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں واپڈا کے خلاف پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے کے آر ایل کے نیر عباس نے60 رنز کے عوض 7 وکٹیں اڑا دیں، نوجوان آل رائونڈر نے حریف سائیڈ کی بساط 232 پر سمیٹ کر اپنی ٹیم کو پہلی اننگز میں 144 رنز کی برتری دلائی،کے آر ایل نے 5 وکٹ پر 142 بناکر واپڈا کو 286 رنز کے خسارے میں دھکیل دیا، سائوتھ اینڈ کلب اسٹیڈیم کراچی میں پورٹ قاسم کے مدمقابل پی آئی اے کے شہریار غنی نے ناٹ آئوٹ157 رنز بناتے ہوئے شکست کو پرے دھکیل دیا۔

135پر 5 وکٹیں گنوانے والی ٹیم نے تیسرے روز صرف 2وکٹوں کا نقصان برداشت کرتے ہوئے اسکور کو 398 تک پہنچا دیا، شہریار غنی نے انور علی (74) کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلیے 289 رنز جوڑے، تابش نواب نے 3 وکٹوں کیلیے 106 رنز کی پٹائی برداشت کی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں زیڈ ٹی بی ایل اور حبیب بینک کے میچ میں خراب موسم کی وجہ سے صرف 10.2 اوورز کا ہی کھیل ممکن ہوسکا، جس میں ایچ بی ایل نے18 کے بدلے 2 قیمتی وکٹوں کا نقصان برداشت کیا۔ گذشتہ روز 128 رنز پر ناقابل شکست وکٹ کیپر جمال انور اسی اسکور پر محمد خلیل کی گیند پر میدان بدر ہوئے، آفتاب عالم 12 رنز کے اضافے سے37 پر عمران خان کا شکار بنے۔
Load Next Story