سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ کرنل اعظم آج ڈھاکا پہنچیں گے

پیرکوآئی سی سی میٹنگ سے قبل پی سی بی کے نمائندے کی اہم ملاقاتیں ہوںگی

گرین شرٹس کیلیے بھی 22 فروری کی نشستیں بُک کرا لی گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش سیکیورٹی حالات کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان کے نمائندے ہفتے کو ڈھاکا پہنچ رہے ہیں۔

پیر کو آئی سی سی کی میٹنگ سے قبل کرنل (ر) اعظم کی مختلف اہم ملاقاتیں بھی ہونگی،گرین شرٹس کیلیے بھی 22 فروری کی نشستیں بُک کرا لی گئی ہیں، دوسری جانب ایونٹ کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا،مجموعی طور پر2لاکھ 60 ہزار ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں امن و امان کی خراب صورتحال اور پاکستان مخالف جذبات کے سبب مصباح الیون کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے، سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کیلیے پاکستانی آفیشل کرنل (ر) اعظم ہفتے کو ڈھاکا پہنچ رہے ہیں، ایشین کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو سید اشرف الحق نے میڈیا کو بتایا کہ پیر کو ڈھاکا میں آئی سی سی کی سیکیورٹی میٹنگ سے قبل پی سی بی کا نمائندہ بنگلہ دیش کے موجودہ حالات کا جائزہ لے گا، مجھے یقین ہے کہ اس کی رپورٹ مثبت ہوگی۔




انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کیلیے 22 فروری کو ڈھاکا کی فلائٹ میں نشتیں بُک کرا لی گئی ہیں، گرین شرٹس آمد کے بعد اگلے2روز پریکٹس میچز کے خواہشمند ہیں، 25 تاریخ کو ان کا افتتاحی میچ میں سری لنکا سے سامنا ہو گا، انھوں نے ایک سوال پر تسلیم کیا کہ پاکستان کی شرکت حکومتی کلیئرنس سے مشروط ہے۔ دریں اثنا ایشیا کپ کیلیے 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے،8مارچ کو میرپور میں فاتح ٹرافی ہاتھ میں تھامنے والی ٹیم 60 ہزار ڈالر کا چیک بھی وصول کریگی، فائنل ہارنے والی سائیڈ کو30ہزار ڈالر دیے جائینگے، گروپ میچ جیتنے پر ہر ٹیم 10ہزار ڈالر پائیگی، ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 5جبکہ مین آف دی فائنل کو ساڑھے 7ہزار ڈالر دیے جائینگے، ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو ساڑھے 12ہزار ڈالر کا انعام ملے گا۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہونگے، وقت کی کمی کے سبب کسی میچ کا ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا ہے۔
Load Next Story