آسٹریلوی امیدوں کا چراغ بجھنے لگا سمانتھا کو شکست

کیسی ڈیلوکا کی جیت نے شائقین کے کچھ آنسو پونچھ دیے، سرینا ولیمزکی ریکارڈ 61ویں کامیابی، جوکووک اور فیرربھی فتحیاب

وائلڈ کارڈ انٹری پانے والی دوسری ملکی پلیئر کیسی ڈیلوکا سے شائقین کو زیادہ توقعات وابستہ نہیں ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آسٹریلین اوپن میں سمانتھا اسٹوسر کی شکست سے میزبان امیدوں کا چراغ بجھنے لگا، انھیں سرب اسٹار ایناایوانووک نے قابو کیا۔

وائلڈ کارڈ انٹری پانے والی دوسری ملکی پلیئر کیسی ڈیلوکا سے شائقین کو زیادہ توقعات وابستہ نہیں، البتہ انھوں نے چینی حریف ژینگ ژی کو پچھاڑ کر ان کے کچھ آنسو پونچھ دیے،ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز نے ریکارڈ 61 ویں کامیابی کی بدولت پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، مینز میں نووک جوکووک، ڈیوڈ فیرر اور ٹوماس بریڈیچ بھی رائونڈ 16 میں پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق سیزن کے پہلے گرینڈ سلم میں جمعے کی صبح بھی گرمی کی شدت برقرار رہی اور درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، تیسرے رائونڈ میں سرب پلیئر ایوانووک نے آسٹریلوی امیدوں کا چراغ سمانتھا اسٹوسر کو شکست دیکر گل کردیا،17سیڈ میزبان پلیئر کیخلاف ان کی جیت کا اسکور 6-7 (8/7)، 6-4 اور 6-2 رہا، چینی پلیئر ژینگ ژی کو آسٹریلین وائلڈ کارڈ پلیئر کیسی ڈیلوکا نے 6-2، 6-4 سے قابو کرکے پیشقدمی جاری رکھی۔




ٹائٹل فیورٹ سرینا ولیمز اور اینا ایوانووک نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، تیسرے رائونڈ میں امریکی پلیئر نے ڈنیلا ہنچووا کو 6-3،6-3 سے قابو کیا، سرینا نے آسٹریلین اوپن میں 61 ویں فتح حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا، انھوں نے سابق اسٹار مارگریٹ کورٹ کی آسٹریلین اوپن میں سب سے زیادہ فتوحات کا ریکارڈ توڑ دیا، دیگر میچزمیں ایوگینے بوچارڈ نے لورین ڈیوس کو 6-2، 6-2 سے اور چینی اسٹار لینا نے لوسیا سفارووا کو سخت مقابلے میں 1-6، 7-6 (7/2)، 6-3 سے شکست دی، روس کی ایکٹرینا ماکارووا نے رومانیہ کی مونیکا نیکولیسکو کو 6-4، 6-4 اور جرمن پلیئر اینجلیک کیربر نے الیسون ریسکی کو 6-3،6-4 سے قابو کیا، مونا بارتھیل کیخلاف 6-1 اور7-5 سے ملنے والی فتح نے فلاویا پنیٹا کو چوتھے رائونڈ میں پہنچادیا۔

مینز سنگلز کے تیسرے رائونڈ مقابلوں میں کوئی بڑا اپ سیٹ نہیں ہوا، دفاعی چیمپئن سربیا کے نووک جوکووک نے ڈینس استومن پر غلبہ پالیا، انکی فتح کا اسکور 6-3،6-3 اور 7-5 رہا، تھرڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے جیریمی شارڈے کو 6-2، 7-6 (7/5)، 6-2 سے قابو کیا، 7 سیڈ ٹوماس بریڈیچ نے دیمیر زومہر کو 6-4، 6-2 اور 6-2 سے ٹھکانے لگایا، روجر ویسلن پر کیون اینڈرسن کو فتح ملی، ان کی جیت کا اسکور 3-6، 6-4، 3-6، 7-6(7/5) اور7-5 رہا، فلورین میئر نے جیری جینووچ کو 7-5، 6-2، 6-2 سے ہرایا، فابیو فوگنینی نے سام کیورے کا قصہ 7-5، 6-4 اور6-4 سے تمام کردیا، ویساک پوسپیسل نے سوئس پلیئراسٹینسلس واورنیکا کو واک اوور دیدیا،ٹومی روبریڈو نے رچرڈ گیسکوئٹ کو 2-6، 7-5، 6-4 اور 7-6 (8/6) سے مات دی۔

 
Load Next Story