پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ پی آئی اے کیخلاف خالد اور شاہ زیب کی سنچریاں

پورٹ قاسم نے دوسری اننگز میں6 وکٹ پر 394رنز بنائے، میچ کا ڈرا پر اختتام

زرعی ترقیاتی بینک و حبیب بینک، کے آر ایل اور واپڈا کے مقابلے بھی بے نتیجہ۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی میں پی آئی اے سے ڈرا میچ میں خالدلطیف اور شاہ زیب حسن نے سنچریاں جڑ ڈالیں۔

پورٹ قاسم نے دوسری اننگزمیں کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹ پر 394رنز بنائے، ایئرلائنز کے شہریارغنی 194 ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے، زرعی ترقیاتی بینک اور حبیب بینک کے درمیان چوتھے دن کا کھیل لاہور میں شدید دھند کے باعث نہیں ہوسکا ، کے آر ایل اور واپڈا کے پلیئرز بھی اختتامی دن ڈریسنگ روم تک محدود رہے، دونوں میچز ڈرا ہوئے۔تفصیلات کے مطابق دسویں رائونڈ مقابلوں کے اختتامی دن پی آئی اے کیخلاف پورٹ قاسم نے دوسری اننگزمیں 6 وکٹ پر 394 رنز جوڑکر مجموعی سبقت کو 445 تک پہنچایا، شاہ زیب حسن نے 64 گیندوں پر 119 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 10 چھکے شامل رہے۔




خالد لطیف نے بھی60 گیندوں پر107رنز بٹورے، ان کی اننگز 8 بائونڈریز اور 6 چھکوں سے مزین رہی، عاصم کمال نے 75 رنز بنائے، عمر امین46 اور فراز علی31رنز بناکر میدان بدر ہوئے، رافع صفدر نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، اس سے قبل پورٹ قاسم کی پہلی اننگز کے مجموعے500 کے جواب میں ایئرلائنز نے 449رنز اسکور کیے، شہر یارغنی194 پر ناقابل شکست رہے، تابش نواب اور محمد سمیع نے 3،3 وکٹیں لیں۔لاہور میں شدید دھند کے باعث قذافی اسٹیڈیم میں حبیب بینک اور زرعی ترقیاتی بینک کا مقابلہ ڈرا ہوگیا، زیڈ ٹی بی ایل نے 359 رنز بنائے، ایچ بی ایل نے 3 وکٹ پر 267رنز اسکور کیے، فیصل آباد میں بھی خراب موسم کے سبب خان ریسرچ لیبارٹریز اور واپڈا کے پلیئرز ڈریسنگ روم تک محدود رہے، مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔
Load Next Story