ڈی جی رینجرز سندھ کا سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کا دورہ

 کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ نے کراچے کے علاقے سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کا دورہ کیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے سپرہائی وے اور اسکے گردو نواح کے علاقے کادورہ کیا، ڈی جی رینجرزسندھ پختون کمیونٹی کی دعوت پر آلاصف اسکوائر پہنچے۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی میں امن کو برقرار رکھنے کیلئے سندھ رینجرز اپنا کردار ادا کر تے رہیں گے۔

ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ ہم سب کو لسانی تشخص سے بالاتر ہوکرملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہو گا، پاکستان رینجرزکی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی بلاتفریق جاری رہے گی، شرپسند عناصر کو منطقی انجام تک پہنچا یا جائے گا۔

اس موقع پر پختون کمیونٹی نے کراچی میں امن وامان قائم رکھنے میں رینجرز کی کاوشوں پر اعتماد کا اظہار کیا اوراپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔