سندھ میں ہماری حکومت ہوتی تو کراچی کی حالت بہتر ہوتی فواد چوہدری

سندھ حکومت کو چاہیے کہ کچھ پیسہ عوام پر بھی لگادے، مراد علی شاہ اینڈ کمپنی پر انحصار کیا تو کراچی میں ترقی ممکن نہیں

سندھ حکومت کو چاہیے کہ کچھ پیسہ عوام پر بھی لگادے، مراد علی شاہ اینڈ کمپنی پر انحصار کیا تو کراچی میں ترقی ممکن نہیں (فوٹو : فائل)

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر نے پیپلز پارٹی کو قومی پارٹی بنایا مگر زرداری نے پیپلز پارٹی کو قوم پرست جماعت بنادیا، اگرسندھ میں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو کراچی کی معیشت مزید بہترہوتی۔


وہ ہفتہ کو فرئیرہال میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خرابی تب شروع ہوئی جب روس نے افغانستان پر حملہ کیا، امریکا کے کہنے پر روس کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان میں انتہا پسندی کی پشت پناہی کی گئی، جن معاشروں میں برداشت کی بجائے انتہا پسندی کو فروغ دیا جائے وہ تنزلی کاشکار ہوتے ہیں۔


فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت میں مودی کی حکومت میں بھی انتہاپسندی کو فروغ دیا جا رہا ہے، آپ دیکھیں گے بھارت میں انتہا پسندی کا اثر معاشرے کے ہر شعبے پر پڑے گا، افغانستان میں ایک بار پھر حالات خراب ہورہے ہیں، وزیراعظم کا نظریہ ہے کہ ہمیں کسی اور کی لڑائی میں حصہ نہیں لینا۔


انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو چاہیے کہ کچھ پیسہ عوام پر بھی لگادے، 1990ء سے کراچی میں رینجرز ہے اور سندھ حکومت اپنی پولیس نہیں بناسکی، کراچی کے لوگ شکوہ کرتے نظر آتے ہیں ان کے شکوہ دور کرنے کے لیے سندھ میں مقامی حکومتوں کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔


فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی کے لوگوں پر براہ راست پیسہ خرچ ہونا چاہیے اگر مراد علی شاہ اینڈ کمپنی پر انحصار کیا تو کراچی میں ترقی ممکن نہیں، وفاق کا پیسہ صوبائی اتھارٹی کے ساتھ ہونے تک خرچ نہیں ہوسکتا، کراچی کے میئر کو براہ راست فنڈ دینے چاہئیں، سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی تو معیشت ساڑھے 4 فیصد سے اوپر ہوتی لیکن کراچی پر ایسی حکومت ہے جس کی پسماندہ سوچ ہے۔


یہ پڑھیں : اپوزیشن آئندہ 7 سال بھی بینر اٹھا کر کونے میں کھڑی ملے گی، فواد چوہدری



وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے وفاق کی سیاست کی جب کہ زرداری صاحب پیپلز پارٹی کو قوم پرست جماعت بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور پیپلز پارٹی کو اندرون سندھ کی جماعت بنادیا۔


انہوں نے کہا کہ جو پذیرائی اس بجٹ کو ملی وہ اس سے پہلے کسی کو نہیں ملی، ہماری معیشت بہتر ہوئی ہے، ترقیاتی بجٹ 900 ارب ہے صوبوں کو 23 فیصد حصہ دیا گیا ہے، امید ہے کہ سندھ حکومت اس بار ملنے والے فنڈز کو صحیح استعمال کرے گی کیوں کہ اب تک سندھ کو ہزاروں ارب مل چکے کہاں لگے نظر نہیں آرہے۔


انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کبھی عقل کی بات بھی کرلیا کریں، احسن اقبال نے الیکٹرک ووٹنگ مشین دیکھی بھی نہیں، ہم نے قومی اسمبلی میں 49 ترامیم پیش کیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کو اڈے نہیں دے رہے، سرویلئنس بھی ختم کردی ہے۔

فلم اور فنون سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ صادقین صاحب کا فن دیکھ کرحیران ہوگیا، ہرکوئی صادقین نہیں بن سکتا، اس طرح کےآرٹ ورک ہم دنیا کو نہیں دکھا سکے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ 1980ء کے بعد ہم فلموں کی دنیا میں پیچھے چلے گئے، اب پاکستان میں بہت اچھے ڈرامے بنائے جارہے ہیں، لیکن ہم اپنا مواد نیٹ فلیکس پر نہیں لا سکے، جو ملک ترقی کرتے ہیں ان کا شعبہ فلم، ڈرامہ اور ادب بھی ترقی کرتا ہے۔


 
Load Next Story