دہشتگردی کیخلاف قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی گورنر سندھ

کراچی کی رونقیں جلد بحال ہونگی، کے ای ایس سی کی صد سالہ تقریب سے خطاب

معروف شخصیات کیلیے ایوارڈز، مہدی حسن، چوہدری اسلم کے ورثا کو مفت بجلی دینے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم قربانی دے رہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ اور بنوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے قافلے پر حملہ افسوسناک ہے،چوہدری اسلم شہید جیسے بہادر اور فرض شناس پولیس افسر پر فخر ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ اتوار کو کے ای ایس سی کے 100 برس مکمل ہونے پر موہٹہ پیلس میںتقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، روشنیوں کے شہر کراچی کی رونقیں بحال ہوں گی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے، سب مل کرقومی معشیت میں شہہ رگ کے حامل شہر قائد کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، کراچی میں جرائم میں کمی آئی ہے، بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے لائحہ عمل کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں اور شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر50 فی صد قابو پالیا گیا ہے جبکہ جلد ہی مزید بہتری آئے گی جس سے صنعتی، تجارتی، زرعی اور رہائشی صارفین کو بھی ریلیف ملے گا۔




اس موقع پر کے ای ایس سی کا نام تبدیل کرکے 'کے الیکٹرک' رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ ستمبر1913 میں قائم ہونے والے اس ادارے کی جانب سے شہر قائد کی معروف شخصیات کو بطور ستائش ایوارڈز دیے گئے جن میں عبدالستار ایدھی، سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد، سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان اور دیگر بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیںگلوکار مہدی حسن، چوہدری اسلم اور دیگر کے ورثا کو ادارے کی جانب سے مفت بجلی کی فراہمی کا اعلان کیا گیا، کراچی اور اس کے قریب و جوار کے6ہزار اسکوائر کلومیٹر کے رقبہ پر بجلی فراہم کرنے والی کے ای ایس سی کے اثاثے 100 ارب روپے کے لگ بھگ ہیں اور وہ سالانہ 50 ارب روپے کی وصولیاں کر رہی ہے، کمپنی کے 72.58 فی صد شیئرز دبئی میں قائم سرمایہ کار کمپنی ابراج کیپیٹل کے پاس ہیں جبکہ حکومت پاکستان25.66 فیصد شیئرز کی مالک ہے۔
Load Next Story