میٹرک کے امتحانات مارچ اور انٹر کے پرچے اپریل میں لینے کی سفارش

انٹر کے پرچوں کا آغاز 22 اپریل سے ہوگا، میٹرک کے امتحانات 18سے 24مارچ کے دوران شروع ہونگے

سفارشات کی منظوری آئندہ چندروزمیں ہونیوالے ’’سی اوسی‘‘(چیئرمینزبورڈزآف کمیٹی)کے اجلاس میں دی جائے گی .فوٹو: فائل

سندھ کے تعلیمی بورڈز کے ناظمین امتحانات متفقہ طورپرصوبے بھرمیں میٹرک اورانٹرکے امتحانات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں25روز پہلے منعقد کرنے کی سفارش کردی۔

سفارشات کی منظوری کی صورت میں کراچی سمیت سندھ بھرمیں میٹرک کے امتحانات گزشتہ برس کے مقابلے میں 17روزقبل مارچ میں جبکہ انٹرکے امتحانات 25روزقبل اپریل میں ہونگے، ناظمین امتحانات نے کراچی سمیت صوبے بھرمیں میٹرک کے امتحانات مارچ کے آخری عشرے میں جبکہ انٹرکے امتحانات 22اپریل سے شروع کرنے کی سفارش کی ہے، اس بات کی سفارش پیرکواعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد میں سندھ بھرکے تعلیمی بورڈزکے ناظمین امتحانات کے منعقدہ اجلاس میں کی گئی، اجلاس کی سفارشات کی منظوری آئندہ چندروزمیں ہونیوالے ''سی اوسی''(چیئرمینزبورڈزآف کمیٹی)کے اجلاس میں دی جائے گی جبکہ فیصلے کی توثیق آئندہ ہفتے متوقع صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہوگی۔




پیرکوحیدرآباد میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں میٹرک کے امتحانات 18سے 24مارچ کے دوران شروع کردیے جائیں، اجلاس میں اس فیصلے پر کراچی کے علاوہ تمام تعلیمی بورڈزنے اتفاق کیاتاہم کراچی بورڈ کاموقف تھاکہ میٹرک کے امتحانات 22اپریل سے شروع کیے جائیں ۔

تاہم اس تجویز سے دیگرناظمین امتحانات نے اتفاق نہیں کیا، اجلاس میں کہاگیاکہ چونکہ اس باررمضان المبارک کاآغاز جولائی کی ابتدا ہی سے ہوجائے گالہٰذ اانٹرکے امتحانات جولائی سے قبل ہی ختم کرنے ہونگے جس کے سبب میٹرک کے امتحانات کابھی جلد آغازضروری ہے تاہم میٹرک بورڈ کراچی کاموقف تھاکہ صوبائی محکمہ تعلیم کے احکامات کے تحت میٹرک کے امتحانات پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کے بعد لیے جاتے ہیں اور مارچ میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کاسلسلہ جاری ہوگاتاہم اجلاس میں اکثریت رائے سے فیصلہ کیاگیاکہ میٹرک کے امتحانات18سے 24مارچ کے دوران شروع کردیے جائیں، اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ کراچی سمیت سندھ کے تمام تعلیمی بورڈزکے تحت صوبے بھرانٹرکے امتحانات کاآغاز 22اپریل سے ہوگا۔
Load Next Story