سیریز برابر ہوتے ہی ڈریسنگ روم میں جشن کا سماں

کھلاڑی گرائونڈ میں داخل،مصباح نے مونچھوں کے اشارے سے فتح واٹمورکے نام کر دی

کوچ کے ساتھ اچھا وقت گذرا،شایان شان طریقے سے رخصتی کے خواہاں تھے، کپتان ۔ فوٹو : اے ایف پی

کپتان مصباح الحق نے مونچھوں کے اشارے سے شارجہ ٹیسٹ کی فتح کوچ ڈیو واٹمور کے نام کردی۔

سری لنکا سے سیریز برابر ہوتے ہی پاکستانی ڈریسنگ روم میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا، کھلاڑی اور کوچز اچھلتے کودتے گرائونڈ میں آگئے، یونس خان نے اظہر علی کو پوری قوت سے گلے لگایا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے انتہائی دلچسپ مقابلے میں سری لنکا کو شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میں 5 وکٹ سے شکست دی، وننگ رن لیتے ہی کپتان مصباح الحق کا چہرہ خوشی سے دمکنے لگا، انھوں نے فوراً ڈریسنگ روم کی جانب مونچھوں کا اشارہ کیا، یہ ان کی جانب سے کوچ ڈیو واٹمور کو خراج تحسین تھا جن کی اس سیریز کے ساتھ ہی کوچنگ ذمہ داریوں کی مدت پوری ہوگئی، بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ہم یہ فتح ڈیوواٹمور کے لیے حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔




ہم انھیں شایان شان طریقے سے رخصت کرنے کے خواہاں تھے، ہم ان کے ساتھ 2 برس کے عرصے سے کافی لطف اندوز ہوئے، انھوں نے واٹمور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ' ہم آپ سے محبت کرتے اور کامیابیوں کے لیے دعاگو ہیں'۔ دریں اثنا میچ کے آخری لمحات میں پاکستانی ڈریسنگ روم میں بھی انتہائی تنائو بھرا ماحول تھا، زیادہ تر کھلاڑی اور کوچنگ و معاون اسٹاف نشستوں سے اٹھ کھڑا ہوا تھا، جیسے ہی مصباح الحق نے وننگ رن لیا ڈریسنگ روم میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا، پہلے وہاں پر موجود لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور پھر سب گرائونڈ میں آگئے، واٹمور نے مصباح الحق اور یونس خان نے اظہرعلی کو زور سے گلے لگایا، اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد نے ٹیم کی فتح پر خوب نعرے لگائے۔
Load Next Story