کراچی حصص مارکیٹ تیزی کی زبردست لہر 27100 پوائنٹس کی حد بھی عبور

حصص کی مالیت میں مزید37 ارب6 کروڑ39 لاکھ13 ہزار953 روپے کا اضافہ ہو گیا

حصص کی مالیت میں مزید37 ارب6 کروڑ39 لاکھ13 ہزار953 روپے کا اضافہ ہو گیا. فوٹو: اے ایف پی/ فائل

لسٹڈ کمپنیوں کے بہترین مالیاتی نتائج کی توقعات پر خریداری لہربڑھنے اور غیرملکیوں سمیت دیگر شعبوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس27100 پوائنٹس کی حد بھی عبو کر گیا۔


تیزی کے سبب61 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید37 ارب6 کروڑ39 لاکھ13 ہزار953 روپے کا اضافہ ہو گیا، ٹریڈنگ کے دوران اینگروکارپوریشن کے حصص میں خریداری کے ساتھ پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان بھی دیکھنے میں آیا تاہم اینگروفرٹیلائزر کے حصص میں خریداری سرگرمیاں نمایاں رہنے سے اسکے حصص پر اپرلاک لگادیا گیا۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر89 لاکھ35 ہزار865 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں تمام دورانیے میں تیزی کے اثرات غالب رہے کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے44 لاکھ87 ہزار492 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے40 لاکھ28 ہزار983 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے4 لاکھ19 ہزار191 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس103.75 پوائنٹس کے اضافے سے 27104.70 ہو گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 49.06 پوائنٹس کے اضافے سے19790.07 اور کے ایم آئی30 انڈیکس227.74 پوائنٹس کے اضافے سے44912.59 ہو گیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت1.73 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر26 کروڑ 19 لاکھ67 ہزار180 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 420 کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا جن میں256 کے بھائو میں اضافہ، 145 کے داموں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story