فلم شاطر سے آؤٹ نہیں ہوئی بالی ووڈ میں اچھا رسپانس مل رہا ہے عمائمہ ملک

منفی پراپیگنڈہ مجھے منزل سے دور نہیں رکھ سکتا،عمران ہاشمی پروفیشنل اداکارہیں انہوں نے بہت سپورٹ کیا،ایکسپریس کوانٹرویو

ہدایتکار ودھوونود چوپڑا کے ساتھ میگا پروجیکٹ سائن کر لیا،اپنی صلاحیتوںسے بالی ووڈ میں منفرد پہچان بنائوںگی،ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک نے کہا ہے کہ میں اپنی زندگی کے فیصلے بہت سوچ سمجھ کرکرتی ہوں، میں نے ہمیشہ تعداد کونہیں بلکہ معیار کو ترجیح دی ہے۔

ایک پروفیشنل اداکارہ ہونے کے ناطے مجھے اپنے کردارکی ڈیمانڈ کوپورا کرنا پسند ہے۔ اسی صلاحیت کے بل پربہت کم عرصے میں 6انٹرنیشنل اور دو لوکل ایوارڈز کے لیے میرا انتخاب کیا گیا جو میرے لیے اعزاز سے کم نہیں ہیں۔ بھارتی فلم ''شاطر'' میں عمران ہاشمی کے ساتھ مرکزی کردار نبھا رہی ہوں۔اس حوالے سے سامنے آنیوالی من گھڑت خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ یہ میرے خلاف سازش ہے۔ فلم کے ڈائریکٹرکونال دیش مکھ کی طرف سے بھی وضاحت سامنے آ چکی ہے جس کے بعد منفی خبریں پھیلانے والوں کو جواب مل چکا ہے، مجھے فلم سے آئوٹ نہیں کیا گیا ، اس طرح کے منفی پراپیگنڈے مجھے اپنی منزل تک پہنچنے سے دورنہیں کرسکتے۔

ان خیالات کااظہارعمائمہ ملک نے گزشتہ روز''ایکسپریس'' کو خصوصی انٹرویودیتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ دنیا بھرکے فنکارجب اپنے ملک سے کام کرنے کے لیے کسی بھی دوسرے ملک جاتے ہیں تواس کوبہت سراہا جاتا ہے۔ ان کے بہترین کام کے حوالے سے خصوصی رپورٹس تیارکی جاتی ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں ایسا کچھ نہیں کیا جاتا۔ میں نے پاکستان میں اپنی فنی زندگی شروع کی۔ فیشن انڈسٹری اورٹی وی کے علاوہ فلموں میں جس طرح کا کام کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ اسی کے بدولت مجھے ایوارڈزملے اورپھر بالی ووڈ میں کام کرنے کی آفرز کا سلسلہ شروع ہوا۔ میری پہلی فلم بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کے ساتھ تھی اوراب دوسری فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ مرکزی کردارادا کر رہی ہوں۔ فلم کا تقریباً60فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اورہم نے کچھ گیت بھی فلمبند کرلیے ہیں۔ فلم کی زیادہ ترشوٹنگ ممبئی میں کی گئی اوراس کے علاوہ بیرون ملک بھی کچھ کام عکسبند کیا گیا ہے۔




اس فلم کے چرچے ان دنوں بھارتی میڈیا میں عام ہیں لیکن دوسری جانب پاکستان کے ایک چینل نے جان بوجھ کرایک سوچی سمجھی سازش کے تحت میری ساکھ کومتاثر کرنے کے لیے جعلی اسٹوری آن ائیر کی جس میں کوئی صداقت نہ تھی۔ جب اس خبر کے بارے میں فلم کے ہدایتکارکونال دیش مکھ کوپتہ لگا توانھوں نے نہ صرف بھارتی میڈیا بلکہ پاکستانی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے حقائق سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد میرے خلاف چلائی جانیوالی منفی مہم خود بخود دم توڑ گئی۔ ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ میں ایک اداکارہ ہوں اورمجھے جو کردار کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے ، میں اس کوبخوبی نبھارہی ہوں۔ جہاں تک بات عمران ہاشمی کی ہے توان کے ساتھ کام کرنے سے قبل میں بہت کچھ سوچ رہی تھی مگران کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا جارہا ہے۔ وہ بہت پروفیشنل اداکار ہیں اورانھوں نے جس طرح سے مجھے سپورٹ کیا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔

دوسری طرف فلم میں بولڈمناظر یا کہانی کے بارے میں توفی الحال کچھ نہیں بتاسکتی۔ اس حوالے سے توسب کچھ اسی وقت سامنے آئے گا جب فلم کونمائش کے لیے پیش کیاجائے گا۔ البتہ اتنا ضرور کہنا چاہوں گی کہ یہ ایک بالی وڈ فلم ہے جس میں ایکشن، رومانس ، مزاح اوردیگرلوازمات شامل ہیں، جویہاں بننے والی فلموں کی ڈیمانڈ ہے۔ اس فلم میں ہم نے لوگوںکو انٹرٹین کرنے کے لیے سب کچھ شامل کیا ہے اوریہ فلم بینوںکے لیے ایک مکمل انٹرٹیننگ فلم ثابت ہوگی۔ انھوں نے مزیدکہا کہ بالی ووڈمیں مجھے اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ پہلی دوفلموں میں اچھی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے جب کہ مستقبل میں بالی وڈ 'خانز' کے ساتھ بھی کام کرنے کا امکان ہے۔ لیکن میں ابھی مستقبل کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں دے سکوں گی۔

کیونکہ میرا کام کرنے کا اندازدوسروں سے خاصا مختلف ہے۔ میں صرف انھی پروجیکٹس کے حوالے سے میڈیا میں آنے کوترجیح دیتی ہوں جن پر کام کررہی ہوں۔ ''میں یہ کروں گی، میں نے یہ سائن کرنا ہے '' اس طرح کی بیان بازی کرنا میرا انداز نہیں ہے۔ بالی وڈ فلموں کے معروف ہدایتکار ودھوونودچوپڑا کے ساتھ ایک میگا پروجیکٹ سائن کرلیا ہے۔ جس کی شوٹنگ فلم ''شاطر'' کے بعد شروع کی جائے گی۔ اس فلم میں میرے مدمقابل بالی ووڈ کے ایک معروف اداکار بطور ہیرو جلوہ گر ہونگے۔ اس لیے بالی ووڈ میں اپنے مستقبل کے حوالے سے خاصی پرامید ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں اپنی بہترین اداکارانہ صلاحیتوں کے بل پر بالی ووڈ میں بھی ایک منفرد پہچان بنائوں گی بلکہ پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے بہت سے اعزازات اور ایوارڈز بھی حاصل کرونگی جس پر پوری قوم کو فخر ہو گا۔
Load Next Story