جام صادق پل کی مرمت اور دیگر کاموں کے لیے پی سی ون منصوبہ تیار

مرمت کا کام جلد شروع کردیا جائے گا، 6 کروڑ روپے لاگت آئے گی، ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ رؤف اختر فاروقی

مرمت کا کام جلد شروع کردیا جائے گا، 6 کروڑ روپے لاگت آئے گی، ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ رؤف اختر فاروقی۔ فوٹو : فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ جام صادق پل کے اسٹرکچر کا معائنہ اور تفصیلی اسٹیڈی کے بعد انجینئرنگ کنسلٹنٹ نے اس پل کے اسٹرکچر کو مضبوط و مستحکم قرار دیاہے۔

جس سے اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ جام صادق پل کے ڈھانچے کو کوئی خطرہ نہیں، پل کی مرمت اور تجویز کردہ دیگر کاموں کیلیے پی سی ون منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے اور اس پر جلد ہی کام کا آغاز کردیا جائے گا جس پر 6 کروڑ روپے لاگت آئے گی، یہ بات انھوں نے جام صادق پل کی مرمت کے حوالے سے پیش کی جانے والی جائزہ رپورٹ اور تخمینی لاگت کے متعلق محکمہ انجینئرنگ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو اور دیگر افسران و انجینئرز بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جام صادق پل کی مرمت کے حوالے سے دوسرا سروے کنسلٹنگ کمپنی کے ذریعے کرایا گیا جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیکنیکل ٹیم بھی شامل تھی۔




سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پل کی مجموعی حالت خاصی مستحکم ہے تاہم ڈیک سلیب اور ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی سمیت ڈرینج سسٹم کی درستگی ضروری ہے اس کے علاوہ نمی کے باعث پل کے نچلے حصے سے جو پلاسٹر اکھڑ گیا ہے اسے دوبارہ کرنا ہوگا، انھوںنے ہدایت کی کہ انجینئرنگ کنسلٹنٹ کی پیش کردہ سروے رپورٹ کی روشنی میں تمام کام انجام دیے جائیں اور ہرممکن کوشش کی جائے کہ جام صادق پل کی مرمت کے دوران شہریوں کو مشکلات نہ ہوں اور ایک لین ٹریفک کیلیے کھلی رہے۔
Load Next Story