دہشت گرد حوصلے پست نہیں کر سکتے وزیر اعظم وطن کیلیے ہر قربانی دینگے آرمی چیف

مسلح افواج نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں،نواز شریف،ہمارے جوانوں کے حو صلے بلند ہیں،جنرل راحیل شریف

وزیراعظم نواز شریف سی ایم ایچ اسپتال میں راولپنڈی دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کررہے ہیں،آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود ہیں۔فوٹو:آئی این پی

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہی کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم متحد ہے اور یہ حملے ہمارا مورال کم نہیں کر سکتے۔

جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وطن کے دفاع کیلیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نیمنگل کو سی ایم ایچ راولپنڈی کے دورے کے دوران کیا جہاں انھوں نے بنوں اور آر اے بازار کے دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے سی ایم ایچ میں فردا فرداً تمام زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی۔ نواز شریف نے کہا کہ مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں اور قوم کو مسلح افواج پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کیلیے بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے باوجود فوج کا مورال بلند ہے۔ حملوں میں زخمی ہونے والے جوان مقابلے کیلیے دوبارہ تیار ہیں۔

دریں اثناء جنرل راحیل شریف نے منگل کو بنوں سی ایم ایچ کا بھی دورہ کیا اور دھماکے میں زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وطن کے دفاع کیلیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ جنرل راحیل شریف فردا ًفردا تمام زخمیوں سے ملے اور ان کی خیریت دریافت کی۔




آن لائن کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف نے برصغیر میں امن کیلیے مسئلہ کشمیر کے حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو پاک بھارت جنگ کوئی نہیں روک سکے گا جبکہ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان ٹکرائو کسی کے مفاد میں نہیں ہوسکتا۔ بھارت اور پاکستان دہشت گردی کے حوالے سے ایک ہی کشتی کے سوار ہیں اور مشترکہ طور پر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا موجودہ وقت کا تقاضا ہے۔ ایک غیر ملکی جریدے کو انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک بھارت کیساتھ امن سے رہنے کا حامی ہے۔ کشمیر کو امریکا نے بھی ایک فلیش پوائنٹ تسلیم کیا ہے جبکہ دہشت گردی کے نام پر امن مذاکرات کو یرغمال نہیں بنایا جاسکتا۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن کے قیام کو ہر قیمت پریقینی بنایا جائیگا۔ مربوط کوششوں اور متحد ہو کر مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

وہ منگل کو وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کی سربراہی میں تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل پارلیمانی وفد سے گفتگو کر رہے تھے وفد میں سینیٹر مشاہد حسین، سینیٹر داؤد خان، سینیٹر حاجی عدیل، سینیٹر عبدالرؤف لالہ، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عبدالواسع اور بلوچستان اسمبلی کے دیگر ارکان اورصوبائی رہنما شامل تھے۔اس موقع پر وزیراعظم نے اغواء برائے تاوان کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ارباب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی میں ذاتی دلچسپی لیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ انھیں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مرحوم گورنر سلمان تاثیر کے بیٹوں کے بارے میں بھی تشویش ہے۔
Load Next Story