دفاعی چیمپئن جوکووک نے کوارٹر فائنل میں ہتھیار ڈال دیے

واورنیکا نےٹھکانے لگایا، ڈیوڈ فیرر کوٹوماس بریڈیچ کے ہاتھوں شکست،ویمنزمیں ایوگینے بوچارڈ نے اینا ایوانووک کو پچھاڑ دیا

آسٹریلین اوپن: سربیئن کھلاڑی اینا ایوانووک چیئرامپائر سے فیصلے کی وضاحت طلب کررہی ہیں، دوسری تصویر میں پوائنٹ گنوانے پر جوکووک کا اظہار مایوسی۔ فوٹو: فائل

آسٹریلین اوپن میں مینز سنگلز کے دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے کوارٹر فائنل میں ہتھیار ڈال دیے۔

انھیں اسٹینسلس واورنیکا نے ٹھکانے لگادیا، تھرڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر کو ٹوماس بریڈیچ کے ہاتھوں شکست ہوگئی، ویمنز سنگلز میں نوجوان کینیڈین پلیئر ایوگینے بوچارڈ نے اینا ایوانووک کو پچھاڑ کر اپ سیٹ کیا، تجربہ کار چینی پلیئر لینا نے فلاویا پنیٹا کو مات دیکر سیمی فائنل میں نشست حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں منگل کو تین اپ سیٹ ہوگئے، مینز سنگلز کوارٹر فائنلز میں سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا نے دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کی چھٹی کردی، انھوں نے کوارٹر فائنل میں سیکنڈ سیڈ سربیئن اسٹار کو پانچ سیٹ کے میراتھن مقابلے میں 3-2 سے مات دی، میچ کا اسکور 2-6 ، 6-4 ، 6-2 ، 3-6 اور9-7 رہا، جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے تھرڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر کو3-1 سے قابو کرکے پہلی مرتبہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ پائی۔




ان کی جیت کا اسکور 6-1 ، 6-4 ، 2-6 اور 6-4 رہا۔ویمنز سنگلز میں کینیڈین پلیئر ایوگینے بوچارڈ نے سابق ورلڈ نمبرون ایناایوانووک کو ٹھکانے لگاکر نہ صرف سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی بلکہ اپنے تابناک مستقبل کی نوید بھی سنادی،گذشتہ برس ورلڈ ٹور میں قدم رکھنے والی 19 سالہ بوچارڈ کو اگرچہ کوارٹر فائنل کے ابتدائی سیٹ میں 7-5 سے شکست ہوئی لیکن انھوں نے ہمت نہیں ہاری، وہ دوسرے سیٹ کو اسی مارجن سے جیت کر مقابلے میں واپس آئیں، اس دوران اینا ایوانووک کو ٹانگ کے پٹھوں میں کھچائو کی وجہ سے میڈیکل ٹائم آئوٹ بھی لینا پڑا، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں بازی 6-2 سے ان کے نام رہی، کیریئر میں کسی گرینڈ سلم کے فائنل میں پہلی رسائی کیلیے انھیں ایوگینے کو تجربہ کار چینی پلیئر لینا کا چیلنج درپیش ہوگا، لینا نے دوسرے کوارٹر فائنل میں اطالوی حریف فلاویا پنیٹا کو باآسانی 6-2 اور6-2 سے مات دے دی۔
Load Next Story