پاکستان میں پی ایس ایل کی طرز پر فٹبال لیگ کرانے کا اعلان

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 30 جون 2021
مشہورپروفیشنل فٹبالر اورسابق قومی کپتان کلیم اللہ خان نے تصدیق کردی

مشہورپروفیشنل فٹبالر اورسابق قومی کپتان کلیم اللہ خان نے تصدیق کردی

 کراچی: پاکستان میں فٹبال کے حوالے سےایک اچھی خبر سامنے آگئی، پی ایس ایل کی طرز پر ملک میں فٹبال لیگ کا انعقاد ہوگا، معروف غیرملکی فٹبالرزبھی پاکستان پہنچ کر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

مشہورپروفیشنل فٹبالر اورسابق قومی کپتان کلیم اللہ خان نے تصدیق کی ہے کہ اپنی طرزکی پہلی فٹبال لیگ کے انعقاد کے لیے انتظامات اور اقدامات کیے جا رہے ہیں، نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کلیم اللہ نے بتایا کہ لیگ کا انعقاد کراچی میں ہوگا، لیگ کے مقابلے پیپلزاسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

انگلش پریمیئر فٹبال لیگ میں فلہم کلب کی نمائندگی کرنے والے انگلش فٹبالر چارلس کائے بنیا سیمت دیگر مشہورغیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی حامی بھرلی ہے، لیگ میں حصہ لینے کے لیے مزید غیرملکی فٹبالرز سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس ضمن میں مثبت پیش رفت متوقع ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کلیم اللہ نے کہاکہ انٹرنیشنل فٹبال لیگ کے حوالے سے جلد ہی کراچی میں پریس کانفرنس میں تفصیلات سامنے لائی جائیں گی،سابق قومی کپتان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ ملک میں فٹبال کے معاملات لیگ کے انعقاد میں رکاوٹ نہیں بنیں گے جبکہ عوامی کھیل کی بقا اور ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی امید ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔