فائٹنگ اسپرٹ نے شارجہ میں فتح دلائی صلاح الدین

کپتان مصباح الحق اور منیجر معین خان نے گرین کیپس میں نئی روح پھونک دی

سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوانوں نے بھی ذمہ داری بااحسن انداز سے نبھائی۔فوٹو:فائل

سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو نے ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ کو شارجہ ٹیسٹ میں فتح کی وجہ قرار دیا ہے، ان کے مطابق کپتان مصباح الحق اور منیجر معین خان نے گرین کیپس میں نئی روح پھونک دی۔

ایک انٹرویو میں صلاح الدین نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوانوں نے بھی ذمہ داری بااحسن انداز سے نبھائی، واضح طور پر دکھائی دیا کہ تمام پلیئرز سخت محنت کر رہے ہیں، احمد شہزاد، سرفراز احمد، عبدالرحمان، اظہر علی اور مصباح الحق نے عمدہ پرفارم کیا، اسی لیے ٹیم کو ناقابل یقین کامیابی نصیب ہوئی۔




انھوں نے کہا کہ مشکل صورتحال میں ہمت نہ ہارتے ہوئے فتح سمیٹنا اس سے قبل میں نے مشتاق محمد اور عمران خان کی زیر قیادت پاکستانی ٹیموں میں ہی دیکھا تھا، اب مصباح الحق نے معین خان کے ساتھ مل کر اسکواڈ میں نئی روح پھونک دی ہے، میں اس پر انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صلاح الدین نے امید ظاہر کہ اس عمدہ کھیل کا سلسلہ ون ڈے سیریز میں بھی جاری رہے گا، ورلڈکپ قریب ہے اگر ایسی فائٹنگ اسپرٹ برقرار رہی تو پاکستان حریف ٹیموں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا سکتا ہے۔
Load Next Story