چھوٹے تاجروں نے بلدیاتی نظام کی حمایت کر دی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان

تاجر کسی سیاسی ہڑتال کا حصہ نہیں بن سکتے

کراچی تاجر اتحاد نے کہا ہے کہ کراچی جیسے میٹروپولیٹن اور میگا سٹی کیلیے مقامی نمائندوں پر مشتمل بلدیاتی نظام ناگزیر ہے. فوٹو: فائل

کراچی کے چھوٹے تاجروں نے عوامی نمائندوں پرمشتمل بلدیاتی نظام کی حمایت کرتے ہوئے اس ایشو پر کی جانے والے ہڑتال کی کسی بھی کال سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔

کراچی تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین اور اولڈ سٹی ایریا ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا ہے کہ کراچی جیسے میٹروپولیٹن اور میگا سٹی کیلیے مقامی نمائندوں پر مشتمل بلدیاتی نظام ناگزیر ہے، کمشنری نظام میں عوام کے مسائل کے حل کی صلاحیت محدود ہے، ایڈمنسٹریٹرز کی کارکردگی سب پر ظاہر ہے۔


شہر میں معمولات زندگی رواں دواں رکھنے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ شہر کے انفرااسٹرکچر کی ترقی اور دیکھ بھال کے لیے بلدیاتی نظام بہترین ہے اور سابق شہری حکومت میں شہر کے ترقیاتی کام اس کی کھلی دلیل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کے تاجروں کے گھروں کے چولہے پہلے ہی بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے بجھ رہے ہیں، بجلی کے بدترین بحران اور امن و امان کے مسائل نے کراچی شہر کو کئی دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، کراچی کی تجارت اور پرامن کاروباری ماحول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کراچی کے تاجر کسی سیاسی ہڑتال کا حصہ نہیں بن سکتے ، انھوں نے حکومت پر زور دیا کہ کراچی کے تمام بازاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے اورکسی بھی بازار میں ہڑتال کے باعث ہونے والے نقصان کا ہرجانہ ہڑتال کی کال دینے والی جماعتوں سے وصول کیا جائے گا۔
Load Next Story