ڈرافٹ پیپر پاکستان کے دیگر ممالک سے رابطے شروع

بھارت نے راضی کرنے کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کا لالچ دینے کی تیاری کرلی

پی سی بی کی جانب سے بھی کرکٹ پر تین بڑوں کی حکمرانی پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈرافٹ پیپر کے حوالے سے دیگر ممالک سے رابطے شروع کردیے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے بھی کرکٹ پر تین بڑوں کی حکمرانی پر تشویش ظاہر کی گئی تھی، اب مشترکہ ردعمل کیلیے مختلف کرکٹ بورڈز سے رابط شروع کردیے گئے، بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس معاملے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل تمام بورڈز سے صلاح و مشورہ کرنا چاہتا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے پاکستان کو نئے ڈرافٹ پر راضی کرنے کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا لالچ دینے کی تیاری کرلی، بھارتی میڈیا کے مطابق سری نواسن حق میں ووٹ ملنے پر 'بڑے بھائی' کا کردار نبھا سکتے ہیں، ان کی وجہ سے ہی بنگلہ دیش اپنی ایشیا کپ کی میزبانی بچانے میں کامیاب ہوا۔




تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کنٹرول سنبھالنے کیلیے بھارت کافی متحرک ہے، اس نے نئی تجاویز کے مخالف پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی شیشے میں اتارنے کی تیاری کرلی، بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیاکہ پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا چارہ ڈال کر راضی کرنے کی کوشش کی جائیگی، اگر پی سی بی ساتھ دیتا ہے تو پھر بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن اس معاملے میں بھی بڑے بھائی کا کردارادا کرسکتے ہیں جیسا انھوں نے بنگلہ دیش کے معاملے میں کیا، سیاسی کشیدگی کے باعث کوئی بھی وہاں کھیلنے کو تیار نہیں تھا مگر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر این سری نواسن نے اپنے اثررسوخ کا استعمال کیا،اس سے بنگلہ دیش کی نہ صرف ایشیا کپ میزبانی بچ گئی بلکہ وہاں پر ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے انعقاد پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹ رہے ہیں۔
Load Next Story