وکٹوریہ کی حکمرانی کا سورج غروب ہوگیا

اگنیسکا نے اپ سیٹ شکست دی، سبولکووا بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، مینز میں نڈال کی فتح، فیڈرر نے مرے کو ہرا دیا

آسٹریلین اوپن:بیلاروسی اسٹار وکٹوریہ آذرنیکا کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد فاتح پولش پلیئر اگنیسکا ریڈوانسکا کو مبارکباد دے رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلین اوپن میں وکٹوریہ آذرنیکا کی حکمرانی کا سورج غروب ہو گیا، پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا نے ویمنز سنگلز کی دفاعی چیمپئن کو ٹھکانے لگاکر ایونٹ کا پانچواں بڑا اپ سیٹ کیا۔

اس سے قبل ویمنز میں سرینا ولیمز، ماریا شراپووا اور اینا ایوانووک ناکامی کا شکار ہو چکیں، مینز سنگلز میں نووک جوکووک کی کہانی بھی ختم ہوچکی ہے، شکست کے ساتھ ہی میلبورن میں آذرنیکا کی مسلسل 18 فتوحات کو بھی بریک لگ گئے، ڈومنیکا سبولکووا نے سیمونا ہالیپ کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے ہاتھ زخمی ہونے کے باوجود سخت مقابلے میں گریگور دیمیتروف کو زیر کرلیا، راجرفیڈرر نے اینڈی مرے کو شکست دے کر انگلش امیدوں کو ختم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے گرینڈ سلم ایونٹ میں اپ سیٹ شکستوں کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا، ویمنز سنگلز کی دفاعی چیمپئن بیلاروسی اسٹار وکٹوریا آذرنیکا بھی کوارٹر فائنل میں ہمت ہارگئیں، انھیں 5 سیڈ پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا نے 6-1،5-7 اور6-0 سے زیر کیا، اس طرح تین ٹاپ سیڈڈ پلیئرز ایونٹ سے باہر ہوگئیں، ان سے قبل سرینا ولیمز ، ماریا شراپووا اور اینا ایوانووک بھی ہارچکی ہیں، کامیابی نے اگنیسکا کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا، جہاں پر ان کا مقابلہ 20 سیڈ سلواکین پلیئر ڈومنیکا سبولکووا سے ہوگا۔




انھوں نے رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو 6-3 ، 6-0 سے ہرادیا، سبولکووا کیریئر میں دوسری مرتبہ کسی گرینڈ سلم کے فائنل فور تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں،اس سے قبل وہ 2009 کے فرنچ اوپن کی بھی سیمی فائنلسٹ بن چکیں۔کوارٹر فائنلز نتائج کے بعد اس برس آسٹریلین اوپن میں ویمنز سنگلز کی نئی چیمپئن کا سامنے آنا یقینی ہوگیا، اس مرحلے میں پہنچنے والی ریڈوانسکا، سبولکووا، لینا اور ایوگینے بوچارڈ اس سے قبل ٹرافی نہیں جیت پائی ہیں۔ دوسری جانب مینز سنگلز میں روایتی حریف رافیل نڈال اور راجرفیڈرر سیمی فائنل میں مدمقابل ہوںگے، کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ نڈال نے بیلاروسی حریف گریگوری دیمیتروف کو سخت مقابلے میں زیر کیا، نڈال اگرچہ مقابلے کا پہلا سیٹ 3-6 سے ہارے لیکن اس کے بعد بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے دیگر2 سیٹ ٹائی بریکر پر 7-6 (7/3) اور7-6 (9/7) سے اپنے نام کیے، چوتھے سیٹ میں انھیں 6-2 سے فتح ملی، دوران میچ نڈال کو زخمی دائیں ہاتھ کیلیے طبی مدد بھی لینا پڑی لیکن انھوں نے اس کے باوجود حریف کا قصہ تمام کردیا۔6 سیڈ سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے ومبلڈن چیمپئن اینڈی مرے کو تین گھنٹے 20 منٹ کی آزمائش میں 6-3 ،6-4 ،6-7 (6/8) اور6-3 سے مات دی،17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح فیڈرر اب جمعے کو نڈال کیخلاف کورٹ میں اتریںگے، وہ لگاتار 11ویں مرتبہ میلبورن ایونٹ کے اس مرحلے تک پہنچے ہیں۔
Load Next Story