پاکستان فٹبال فیڈریشن بھی مالی بحران کی زد میں آگئی

ایسوسی ایشنزکو ایونٹس کے لیے مدد فراہم کرنا انتہائی مشکل ہے، احمد یار لودھی

ایسی صورتحال میں پی ایف ایف سے الحاق شدہ تنظیموں کو مقابلوں کیلیے اسپانسرزخود تلاش کرنے چاہیئں۔ فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن بھی مالی بحران کی زد میں آگئی، سیکریٹری احمد یار لودھی نے کہاکہ ہمارے پاس فنڈز کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے گراس روٹ لیول پر کام کرنے والی ایسوسی ایشنز کوایونٹس کیلیے مدد فراہم کرنا انتہائی مشکل ہوگیا۔

ایسی صورتحال میں پی ایف ایف سے الحاق شدہ تنظیموں کو مقابلوں کیلیے اسپانسرزخود تلاش کرنے چاہیئں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد یار لودھی نے کہا کہ اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اے، بی اور سی ڈویژن لیگز میں شمولیت کیلیے مختلف کلبز سے 3 سے4 ہزار روپے فیس لینے کا علم ہے، یہ رقم ایونٹ کیلیے اسپانسر شپ نہ ملنے کے سبب لی جا رہی ہے، سارے اخراجات کلبز میں تقسیم کردیے گئے،اسی وجہ سے کچھ ٹیموں کے عہدیدار احتجاج کررہے ہیں۔




انھوں نے کہا کہ اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن مستقبل میں ٹورنامنٹ کیلیے اسپانسر تلاش کرے تاکہ کلبزاورکھلاڑیوں پر مالی بوجھ نہ پڑے، کلبزکھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں انھیں سیاست سے دور رہنا چاہیے۔ ایک سوال پرکرنل (ر) احمد یار لودھی نے کہا کہ اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن سے الحاق شدہ اکبر کلب کے سیکریٹری شاہد صدیق اور کھلاڑی فرحان اللہ خان کو معطل کیے جانے کی انکوائری ہو رہی ہے،اگر رپورٹ میں ایسوسی ایشن قصووار ثابت ہوئی تو فیڈریشن ضرور ایکشن لے گی، اس سے قبل ہم معاملے میں دخل اندازی نہیں کرسکتے۔
Load Next Story