2016 ریو اولمپکس برازیل نے آئی او سی کو حمایت کا یقین دلا دیا

تھامس باخ کی صدر دلما روسیف سے ملاقات، چند وینیوز کا دورہ بھی کریں گے

برازیلین حکومت کے تمام شعبوں کو ایک ساتھ کام کرکے گیمز کو کامیاب بنانا ہوگا۔تھامس باخ۔فوٹو:فائل

SAN DIEGO:
برازیلین حکومت نے2016ریو اولمپکس کے کامیاب انعقاد کیلیے آئی او سی کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔

صدر دلما روسیف نے گذشتہ روز براسیلیا میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پریذیڈنٹ تھامس باخ سے میٹنگ میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، انھوں نے گیمز کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلات معلومات کیں اور کئی اقدامات تجویز کیے۔ تھامس باخ نے کہاکہ یہ ایک مثبت ملاقات تھی، صدر نے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے،انھیں آرگنائزرز کی جانب سے اقدامات پر اطمینان اور وہ پُرعزم ہیں کہ ایونٹ کامیاب ثابت ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریوگیمز کے بعد اولمپک وینیوز کو اسکولوں میں تبدیل کردیا جائے گا، ٹرانسپورٹ ڈھانچے کو بدلنے کے ساتھ عدم امتیاز اور نسل پرستی کے خلاف اولمپک اصول برازیل میں باہمی اتفاق کا ذریعہ بنیں گے۔ تھامس باخ نے کہاکہ برازیلین حکومت کے تمام شعبوں کو ایک ساتھ کام کرکے گیمز کو کامیاب بنانا ہوگا۔




میٹنگ میں آئی او سی کوآرڈینیشن کمیشن چیئرمین نوال ال متوکل، برازیل میں آئی او سی ممبر برنارڈ رجزمان ، برازیلین وزیر کھیل ایلڈو ریبیلو، ریو ڈی جنیرو کے گورنر سرجیو گیبرال، میئر ایڈوارڈو پائس، ریو 2016 آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر وآئی او سی ممبر کیریوس نزمان اور سی ای او سڈنی لیوی شریک تھے۔ ستمبر میں آئی او سی صدر منتخب ہونے کے بعد تھامس باخ پہلی بار برازیل کا دورہ کر رہے ہیں، وہ ریو 2016 کے پارٹنرزسے ملاقات کے بعد چند وینیوز کا دورہ کریں گے ۔ انھوں نے ریو کے گورنر اور میئر سے مزید ملاقاتیں کر کے کام کی رفتار کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اسی کے ساتھ وہ گیمزکے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور اسٹاف سے بھی بات چیت کریں گے۔
Load Next Story