کراچی میں بد امنی برقرار لیاری دھماکوں سے گونجتا رہا پولیس انسپکٹر اور ماں بیٹے سمیت مزید12قتل4لاشیں م?

شاہ فیصل کالونی میں سب انسپکٹرنذیر خاصخیلی اور پیرآباد میں اسحق نامی شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا

گلستان جوہر سے خاتون کی بوری بند جبکہ کاٹھور موڑ کے قریب سے4نامعلوم افراد کی لاشیں ملیں،۔ فوٹو:آن لائن

ISLAMABAD:
پولیس اور رینجرز کے بھرپور آپریشن کے دعوے دھرے رہ گئے، شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کے بعد لاشیں پھینکنے اور لیاری میں گینگ وار کے حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا، فائرنگ ، دستی بم حملوں اور پرتشدد واقعات میں3 خواتین، بچی اور پولیس انسپکٹر سمیت مزید16افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے کاٹھور موڑ لنک روڈ کے قریب سے4 افرادکی لاشیں ملیں جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا ، ایس ایچ او میمن گوٹھ نعیم خان نے بتایا کہ چاروں افراد کو مذکورہ مقام پرلاکر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے10خول ملے ہیں ،مقتولین کو سر اور چہرے پر گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا، پولیس نے چاروں لاشوں کو تلاش ورثاکیلیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دیا ہے جبکہ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ، پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن ربانی محلہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے40 سالہ بشیر ولد اسحاق ہلاک ہوگیا مقتول2 روز قبل ہی سوات سے آیا تھا، مقتول کو 11 گولیاں ماری گئیں ہیں ، قائد آبادگلشن بونیر میں فائرنگ سے60 سالہ آزاد گل ہلاک جبکہ22 سالہ حمید گل زخمی ہوگیا ، پولیس کاکہنا ہے واقعہ ذاتی جھگڑے کا شاخسانہ ہے ۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے11 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ زر لال ہلاک ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی ، پولیس کاکہنا ہے کہ مقتول تھلے کا مالک اور اسی علاقے کا رہائشی تھا ، گلستان جوہر کے علاقے بلاک15 نادرا دفترکے قریب فٹ پاتھ سے بوری میں بندخاتون کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد گردن پر گولی مارکر قتل کیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، ایس ایچ او جمیل بنگش نے بتایاکہ خاتون کی عمر32 سے 35 سال کے درمیان ہے جبکہ اس نے سیاہ رنگ کی شلوار قمیض پہنی ہوئی ہے تاہم مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی، پولیس نے لاش تلاش ورثا کیلیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی ہے ،گلستان جوہر بلاک 19 میں الروف اپارٹمنٹ کے فلیٹ سے ایک شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوا ، پولیس کاکہنا ہے کہ لاش 3 دن پرانی ہے اور تعفن اٹھنے پر مکینوں نے پولیس کواطلاع دی، متوفی فلیٹ میں اکیلا ہی رہائش پذیر تھا ، ڈیفنس کے علاقے فیز ٹو میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے2 افراد ایوب اور پرویز زخمی ہوگئے ، نیوکراچی صنعتی ایریا میں فائرنگ سے23 سالہ ثنا ، ٹیپو سلطان میں فائرنگ سے24 سالہ پرویز ، جوہر آباد میں فائرنگ سے سرور علی زخمی ہوگیا ۔ شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے سب انسپکٹر45 سالہ نذیر خاصخیلی ولد علی خاصخیلی جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کی گئی ، شاہ فیصل کالونی پولیس کے مطابق نذیرمیمن گوٹھ کا رہائشی ہے اور وقوعہ کے وقت وہ تھانے میں اپنی ڈیوٹی پر آرہا تھا کہ شمع شاپنگ سینٹرکے قریب آئسکریم پارلر پر فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیاگیا ، مقتول کا آبائی تعلق سکھر سے ہے۔




سکھن کے علاقے لالہ آباد دو نمبر پر فائرنگ سے23 سالہ ارشد وڑائچ ولد اصغر وڑائچ ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او سکھن رائو رفیق نے ایکسپریس کو بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، ارشد کوگل محمد نامی شخص نے اپنے بیٹوں کی مدد سے قتل کیا ، نیو کراچی ایوب گوٹھ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ ناصر خان ولد بابو خان زخمی ہوگیا جبکہ نیٹی جیٹی پل پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے50 سالہ لطیف ولد رئیس کو زخمی کردیا ،منگل کو ملیرکینٹ کے علاقے رم جھم ٹاور کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے زخمی ہونے والی25 سالہ رابعہ زوجہ سلیم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئی ، ملیر کینٹ پولیس کے مطابق مقتولہ واٹر بورڈکالونی سعدی ٹائون کی رہائشی اور ایک بچے کی ماں تھی۔

لیاری میں گینگ وارکے کارندوں کے درمیان خونی تصادم میں فائرنگ ، دستی بم اور آوان گولوں کے حملوں سے علاقے گونج اٹھے ، لیاری گینگ وار کے ملزمان کی جانب سے فائرنگ اورگھر پر دستی بم دھماکے میں ماں، بیٹا اور پوتی سمیت4 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت5 افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق لیاری میں عذیر بلوچ اور بابا لاڈلا گروپ کے درمیان قبضے کی نہ ختم ہونے والی جنگ بدھ کوبھی جاری رہی جب گینگ وار کے جدید ہتھیاروں سے لیس مسلح کارندوں کے درمیان مورچہ بند فائرنگ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا اس دوران دستی بم اور آوان گولوں سے بھی حملے کیے گئے ، آگرہ تاج میں گینگ وار کے ملزمان کی جانب سے پھینکے جانے والا دستی بم ایک گھر پر جاکر گرا اور زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 40 سالہ ذکیہ زوجہ مختار اس کا بیٹا 13سالہ مدد علی اور پوتی 2 سالہ تبسم دختر نجیب جاں بحق ہوگئی جبکہ مقتولہ کی بہو سعید زوجہ نجیب زخمی ہوگئی ، ہلاک ہونے والے ماں بیٹا اور پوتی کوسول اسپتال لایا گیا ، سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑنے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کے جسم ، چہرے اور سر پر زخموں کے نشانات تھے ، جاں بحق ہونے والی خاتون کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا جبکہ اس کا شوہر اور بیٹا محنت کش ہیں جو انتہائی کسمپری کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں ،گینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ سے چاکیواڑہ کے علاقے جھٹ پٹ مارکٹ کے قریب 25 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی۔

ملزمان کے درمیان مورچہ بند فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس اور رینجرز کو انتہائی مطلوب ملزمان آزادانہ جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر کھلے عام گھومتے رہے جبکہ پولیس و رینجرز نے لیاری میں فائرنگ کے دوران جانے کی زحمت تک گوارا نہیں کی، چاکیواڑہ کے علاقے لیاری گلستان کالونی فنیسی بیکری کے قریب نامعلوملزمان کی فائرنگ سے شفیع نامی شخص زخمی ہوگیا ، بغدادی کے علاقے لیاری عیدو لین گلی نمبر ایک دستی بم حملے میں2 افراد 35 سالہ گل محمد اور 18سالہ وقاص احمد زخمی ہوگئے ، کلری کے علاقے بہار کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 11 سالہ سیف اﷲ زخمی ہوگیا ۔
Load Next Story