ہاکی کے قومی ہیرواولمپین نویدعالم ہم سے جدا ہوگئے

نوید عالم نے 1994کا ہاکی کا ورلڈکپ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

نوید عالم نے 1994کا ہاکی کا ورلڈکپ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
یہ خبر پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے شائقین اور اہل وطن کو افسردہ کرگئی کہ کینسرکے مرض میں مبتلا ہاکی کے ممتاز سینٹر فارورڈ نوید عالم انتقال کرگئے، انھوں نے اس دور میں متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے۔

جب پاکستان بین الاقوامی سطح پر ہاکی کی حقیقی طاقت تھا اور کونسا ایسا عالمی اعزاز تھا جو پاکستان نے حاصل نہ کیا ہو ،انھوں نے 1994کا ہاکی کا ورلڈکپ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ،جب کہ اولمپکس، چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز سمیت بے شمار ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔نوید عالم پاکستان، چین اور بنگلہ دیش ہاکی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے تھے۔


پی ایچ ایف کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کی بھی ذمے داری ادا کی تھی۔ نوید عالم 1973ء کو شیخوپورہ کے علاقہ نبی پورہ میں پید اہوئے۔ انھوں نے پاکستانی کی نمائندگی کرتے ہوئے 150سے زائد میچ کھیلے۔گولڈمیڈلسٹ اور 1994 ورلڈ اسکواڈ کے کم عمر ترین پرائیڈ آف پرفارمنس نوید عالم کینسر کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہارگئے۔

ان کی وفات پاکستان ہاکی کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔ نوید عالم بلڈ کینسر میں مبتلا اور لاہور میں شوکت خانم اسپتال میں زیر علاج تھے، اسپتال نے اخراجات کا تخمینہ 40 لاکھ بتایا تھا جس کے بعدسندھ حکومت نے اور پھر وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی ان کے مکمل اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا تھا،لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

یہ کتنا بڑا قومی المیہ ہے کہ پاکستان کا پرچم اور نام اقوام عالم میں بلند کرنے والے کھلاڑی یوں کسمپرسی کی حالات میں اس فانی دنیا سے کوچ کرجائیں ، یہ رویہ قومی ہیروز کے ساتھ بے اعتنائی کے زمرے میں آتا ہے، ارباب اختیار کو قومی کھیل ہاکی کی مکمل بحالی اور کھلاڑیوں کی عزت نفس کو بحال کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story