بورڈ نے واٹمور کے اعزاز میں الوداعی تقریب سجا دی

مشکل وقت میں ساتھ نبھاتے ہوئے ٹیم کوبہتری کی طرف گامزن کیا، ذکا اشرف

شارجہ ٹیسٹ میں فتح کوکوچنگ کیریئر کا نکتہ عروج سمجھتا ہوں، ڈیو واٹمور۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیو واٹمور کے اعزاز میں الوداعی تقریب سجا دی، چیئرمین ذکا اشرف نے کوچ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے مشکل وقت میں ساتھ نبھاتے ہوئے ٹیم کو بہتری کی طرف گامزن کیا،سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ شارجہ ٹیسٹ میں فتح کوچنگ کیریئر کا نکتہ عروج سمجھتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے جمعرات کو ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا،اس موقع پر بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، ڈائریکٹرز ذاکر خان ، محمد الیاس اور بریگیڈیئر ساجد حمید بھی موجود تھے۔ ذکا اشرف نے کوچ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے مشکل وقت میں قومی ٹیم کا خوب ساتھ نبھایا،ان کے دور میں بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر پاکستان کو ایک بھی ہوم سیریز کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا، اس کے باوجود کارکردگی میں بہتری کا سفر جاری رہا،کرکٹرز کی مہارت اور ذہنی مضبوطی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا،ڈیوواٹمور اور جولین فائونٹین کی محنت سے پرفارمنس میں نمایاں فرق آیا۔




انھوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہم مہمان نواز قوم ہیں، جانے والوں کو باعزت طریقے سے رخصت کرنا ہماری روایات میں شامل ہے، ان کے مستقبل کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ڈیو واٹمور نے کہا کہ کرکٹرز نے شارجہ ٹیسٹ میں فتح کی صورت میں شاندار الوداعی تحفہ دیا، میں اسے اپنے کوچنگ کیریئر کا نکتہ عروج سمجھتا ہوں،ایشیا کپ کی جیت، بھارت اور جنوبی افریقہ کو ہوم گرائونڈز پر ون ڈے سیریز میں شکست دینا میرے 2سالہ دور کی اہم کامیابیاں رہیں،بھرپور تعاون پر بورڈ کے عہدیداروں اور میڈیا ڈپارٹمنٹ کا مشکور ہوں،اچھے برے وقتوں میں حوصلہ افزائی اور مہمان نوازی پر ٹیم کے پرستاروں کا بھی شکر گزار ہوں،امید ہے کہ کسی نہ کسی حیثیت سے کام کیلیے دوبارہ پاکستان آئوں گا۔ جولین فائونٹین نے کہا کہ اپنے ساتھی کوچز کی معاونت سے ٹیم کی فیلڈنگ میں مہارت بہتر بنائی، این سی اے اور دیگر اکیڈمیز میں کام کا تجربہ بھی خوشگوار رہا۔
Load Next Story