اصغرخان کیس ایف آئی اے نے وزارت دفاع سے رجوع کرلیا

سابق آرمی چیف،سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے ملوث ہونے پرفوجی انکوائری کرانے کیلیے اقدام

وزارت دفاع کے جواب کے بعد باضابطہ انکوائری شروع کی جائیگی، ذرائع ایف آئی اے۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

ایف آئی اے نے اصغرخان کیس میں سابق آرمی چیف اورسابق ڈی جی آئی ایس کے ملوث ہونے پرکیس کی فوجی انکوائری کرانے کیلیے وزارت دفاع سے رجوع کرلیا۔

وزارت دفاع کے جواب کے بعد با ضابطہ انکوائری شروع کی جائیگی، جمعرات کو ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ایف آئی اے نے سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کرنے سے متعلق اصغر خان کیس کی انکوائری کوآگے بڑھانے کیلیے کیس سے متعلقہ ریکارڈ اکٹھا کر لیا ہے اور اس میں مہران بینک کے سابق سربراہ یونس حبیب سمیت ملک کے نامور سیاستدانوں اور سابق فوجی افسروں کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔




ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے نے سابق آرمی چیف مرزا(ر) اسلم بیگ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کوشامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم اس کے لیے طریقہ کار پرمشاورت کے بعد وزارت دفاع سے رجوع کیا گیا ہے اور وزارت دفاع کولکھے گئے ایک خط میں پوچھاگیاہے کہ سابق فوجی افسروں سے سول انکوائری کی جائے یافوجی انکوائری کے ذریعے پوچھ گچھ کی جائے، ذرائع نے بتایا کہ وزارت دفاع کے جواب کی روشنی میں اصغر خان کیس کی انکوائری کوبا ضابطہ طور پرشروع کیا جائے گا۔
Load Next Story