5 ہزار کروڑ روپے کا سوچ کر بھارت کی رال ٹپکنے لگی

خوفناک کھیل میں سارا چکر پیسہ بنانے کا ہے، پاکستان سخت موقف اپنائے، احسان مانی

خوفناک کھیل میں سارا چکر پیسہ بنانے کا ہے، پاکستان سخت موقف اپنائے، احسان مانی۔ فوٹو: فائل

نئی ڈرافٹ تجاویز کی منظوری پر بھارتی بورڈ کو 2015 سے 2023 کے دوران آئی سی سی کی آمدنی سے کم از کم 5 ہزار کروڑ روپے ملنے کی امید ہے،اسی کا سوچ کر بورڈ کی رال ٹپکنے لگی ،یہ کونسل کی کُل آمدنی کا تقریباً21 فیصد حصہ ہوگا۔

ایک اہم بی سی سی آئی آفیشل نے کہا کہ 2007 سے 2015 کے مابین آئی سی سی کے تمام تجارتی منافع سے ہمیں332 کروڑ روپے ملیں گے جو نامنظور ہیں، اگر بھارت سے 80 فیصد سے زیادہ آمدنی حاصل ہورہی ہے تو ہمیں کُل رقم کا صرف 4 فیصد ملنے کا کوئی جواز ہی پیدا نہیں ہوتا، بی سی سی آئی کی طرف سے پیش کردہ مجوزہ ڈرافٹ کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ آمدنی کا 8 فیصد جبکہ کرکٹ آسٹریلیا 7 فیصد سے زائد حاصل کرے گا۔ آئی سی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی نمائندگی اور ٹیسٹ کھیلنے والے بقیہ ممالک کو کُل رقم سے 3 سے 4 فیصد تک آمدنی ہوسکے گی۔




دریں اثنا آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی نے کہا کہ کہ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈز ایک ایسا کھیل کھیل رہے ہیں جس سے صرف انھیں ہی فائدہ حاصل ہوگا، دیگرممالک کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، انھوں نے کہا کہ یہ ایک خوفناک کھیل اور اس میں سارا چکر پیسہ بنانے کا ہے، میں نے تجاویزکا تفصیلی مطالعہ کیا جس کے مطابق پاکستان کو ملنے والی رقم 95 ملین ڈالرز بنتی ہے جبکہ بنگلہ دیش اور زمبابوے جیسے ممالک صرف 60،70 ملین ڈالرز لے پائیں گے، احسان مانی نے کہا کہ اس مجوزہ منصوبے میں ایسوسی ایٹ ممالک کے فنڈز میں بھی بہت بڑے پیمانے پر کمی کی گئی جس سے کرکٹ کے فروغ پر بہت بُرا اثر پڑے گا۔آئی سی سی کے سابق صدر نے کہا کہ اگر جنوبی افریقہ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز اس سلسلے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے آئی سی سی ایونٹس میں کھیلنے سے انکار کردیں تو اس کی گلوبل آمدنی میں 30 سے 40 فیصد کمی آجائے گی۔
Load Next Story