مذاکرات یا آپریشن حکومت نے سیاسی قیادت مشورے شروع کردیے

وزیر داخلہ نے جمعے کو جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے موجودہ ملکی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

وزیر داخلہ نے جمعے کو جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے موجودہ ملکی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ فوٹو: اے پی پی/ فائل

طالبان سے مذاکرات یا آپریشن کے حوالے سے حکومتی ذمے داروںنے سیاسی رہنمائوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔


وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعے کو جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک ٹی وی کے مطابق وزیرداخلہ کے رابطے پرامیر جماعت اسلامی نے باور کرایا کہ نمائشی مشاورت یا اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، حکومت کو بتانا پڑے گا کہ 9 ستمبر کے مینڈیٹ پر کہاں تک پیش رفت ہوئی۔ منور حسن نے کہا کہ حکومت سنجیدگی ظاہر کرے تو بیٹھنے کو تیار ہیں تاہم آپریشن کسی دباؤ کے تحت نہیں ہونا چاہیے ، مسئلے کا موثر حل صرف ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے۔ چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے سدباب کے لیے جوممکنہ اقدامات ہوں گے کریں گے اور تمام فیصلے سیاسی قیادت کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔ دریں اثنا نادرا ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے کہا کہ نادرا انتہائی حساس محکمہ ہے، ریکارڈ میں کسی قسم کے ردوبدل پر ہرگز معافی نہیں دی جائے گی۔

ادارے میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، کوئی ملازم یا افسر وزارت اور چیئرمین سے پیشگی اجازت لیے بغیرکسی غیر ملکی سے ملاقات نہیں کرسکے گا،کوئی ملازم یا افسر ذاتی لیپ ٹاپ یا یوایس بی ساتھ لے کر دفتر نہیں آئے گا۔چوہدری نثار نے کہا کہ اب جوچئیرمین آئے گا وہ 100فیصد اوپن میرٹ کے تحت آئے گا، نادرامیں سب سے زیادہ کام سابق چئیرمین بریگیڈئرریٹائرڈ سلیم معین نے کیا ، میں چاہتاہوں کہ انھیں نادرا بورڈ میں ممبر کے طور پرلیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ سابق چئیرمین کو ہم نے نکالا اور وہ بحال ہوکرآئے تو ملازمین کی 15 فیصد تنخواہیں بڑھادیں۔ بریگیڈئر (ر) زاہدکو چئیرمین لگایاتووہ بھی چند گھنٹوں کی چئیرمین شپ میں ملازمین کی 10 فیصد تنخواہیں بڑھاگئے،قائمقام چئیرمین نادرا امتیازتاجورکوفوری طورپر بریگیڈئر (ر) زاہد سے وضاحت طلب کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ اگر ان کی وضاحت تسلی بخش نہ ہوئی تو3 یوم میں ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں چوہدری نثار جب نادرا ہیڈکوارٹر آئے تو انھیں 32 سال پہلے کا اپنا سیاسی کیریئر یادآگیا ، انھوں نے کہا کہ بھٹو دور میں نادرا ہیڈکوارٹرز پارلیمنٹ ہائوس ہوتا تھا، میں چاہتا تھا کہ وہ سیٹ دیکھوں جس پرمیں بیٹھتا تھا۔
Load Next Story