منگلا ڈیم متاثرین سمیت آزاد کشمیر کے تمام مسائل حل کرینگے خواجہ آصف

آزاد کشمیر کو منگلا ڈیم واٹر یوزیزچارجز خیبرپختونخواہ کے مساوی دیے جائینگے، اجلاس سے خطاب

مضبوط و مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ منگلا ڈیم متاثرین اور اہلیان کشمیر کے تمام ایشوز کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے۔

آزاد کشمیر کو منگلا ڈیم واٹر یوزیزچارجز خیبرپختونخواہ کے مساوی دیئے جائینگے۔ وفاقی وزیر نے یہ بات ہائیڈل جنریشن اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ، حکومت آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے اعلی افسران موجود تھے ۔ وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے چوہدری عبدالمجید کو یقین دہانی کرائی کہ آزادکشمیر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی اور 664کیوسک پانی کی فراہمی کے انتظامات کئے جائیں گے۔




وفاقی وزیر نے نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ میں نیٹ پرافٹ آزادکشمیر کو دینے سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر کو منگلاڈیم واٹر یوزیز چارجز خیبر پختونخواہ کے مساوی دیئے جائینگے۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادکشمیر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کرنے اور کوٹہ مقرر کرنے کے حوالے سے وزیر پانی وبجلی کو بریف کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ہائیڈل پاور جنریشن اور منگلاڈیم ریزنگ پراجیکٹ کے تمام حل طلب معاملات میں گہری دلچسپی لینے پر خواجہ آصف کا شکریہ اد ا کیا۔چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے متاثرین منگلاڈیم کیلیے بنائے جانیوالے نیو سٹی اور سمال ٹاوئونز میں ترقیاتی عمل میں رکاوٹیںپیش آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔
Load Next Story