جاپان تیزی سے سونے کے ذخائر پر قبضہ کرنے لگا

ڈیاکی ہاشی موتو نے مینز جمناسٹکس آل اراؤنڈ کراؤن حاصل کر لیا،امریکی ویمن ٹیم باسکٹ بال کی چیمپئن۔

ڈیاکی ہاشی موتو نے مینز جمناسٹکس آل اراؤنڈ کراؤن حاصل کر لیا،امریکی ویمن ٹیم باسکٹ بال کی چیمپئن ۔ فوٹو : اے ایف پی

لاہور:
ٹوکیو گیمز میں جاپان تیزی سے سونے کے ذخائر پر قبضہ کرنے لگا لہٰذا میزبان ملک13 گولڈز جیت کر سرفہرست ہے۔

جاپان تیزی سے سونے کے ذخائر پر قبضہ کر رہا ہے جب کہ امریکا دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر براجمان رہا، دونوں ممالک نے بالترتیب 12 اور 11 سونے کے تمغے جیت لیے ہیں، ڈیاکی ہاشی موتو نے مینز جمناسٹکس آل اراؤنڈ کراؤن حاصل کر لیا، 19 سالہ جمناسٹ نے عمدہ پرفارمنس سے چینی ورلڈ چیمپئن ڑیاؤ روٹنگ پر برتری پائی، روس کے نکیٹا نیگورے نے برانز میڈل جیتا۔

امریکا نے پہلی بار ویمنز 3X3 باسکٹ بال میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، فائنل میں ان کی ٹیم نے روسی اولمپک کمیٹی (آر او سی) کو 15-18 سے مات دی، اولمپک ٹائٹل تک رسائی کے سفر میں امریکی ٹیم نے صرف ایک گیم گنوایا، چین نے برانز میڈل اپنے قبضے میں کیا۔

ویٹ لفٹنگ مینز 73 کے جی میں چین کے شی زی یونگ نے گولڈ میڈل جیتا، وینزویلا کے جولیو روبین میورا نے سلور جبکہ انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے رحمت ایرون عبداللہ نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

جوڈو مینز 90 کے جی میں جورجیا کے لیشا بیکوری نے گولڈ، جرمنی کے ایڈورڈ ٹریپیل نے سلور میڈل پر حق جتایا، ازبکستان کے دوالت بوبنوف اور ہنگری کے کرسٹیزن ٹوتھ نے برانز میڈلز قبضے میں کیے۔


جوڈو ویمنز 70 کے جی ایونٹ میں جاپانی چیزورو ایری نے گولڈ، آسٹریا کی مچیلا پولیرز نے چاندی جبکہ روسی میڈینا تیامزووا اور نیدرلینڈز کی سین وان ڈیجک نے برانز میڈلز پر ہاتھ صاف کیے۔

سائیکلنگ روڈ، مینز انفرادی ٹائم ٹرائل میں سلووینیا کے پریموز روگلیک نے سونے، ڈچ سائیکلسٹ ٹام ڈومیولین نے چاندی اور آسٹریلیا کے روہن ڈینس نے برانز میڈل اپنے قبضے میں کیا۔

سائیکلنگ روڈ ویمنز انفرادی ٹائم ٹرائل میں نیدرلینڈز کی اینیمیک وان ویلیوٹن نے گولڈ، سوئٹزرلینڈ کی مارلین ریوسیر نے سلور اور نیدرلینڈز کی اینا وان ڈیر بریگین نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

مینز ڈائیونگ سنکورائزڈ 3 میٹر اسپرنگ بورڈ ایونٹ میں چین نے میدان مارلیا، امریکا نے دوسری جبکہ جرمنی نے تیسری پوزیشن پائی۔سوئمنگ مینز 4 ضرب 200 میٹر فری اسٹائل مقابلے میں برطانیہ نے پہلی، روسی اولمپک کمیٹی نے دوسری اور آسٹریلیا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سوئمنگ ویمنز 200 میٹر انفرادی میڈلے میں جاپان کی یوئی اوشی نے گولڈ میڈل اپنے قبضے میں کیا، سلور اور برانز میڈلز امریکی سوئمرز الیکس والش اور کیٹ ڈگلس کے نام رہے۔سوئمنگ مینز 200 میٹر بٹر فلائی میں ہنگری کے کرسٹوف میلاک نے پہلی پوزیشن پائی۔
Load Next Story