موخرکی جانے والی انسداد پولیومہم دوبارہ شروع نہ ہوسکی

موثر سیکیورٹی فراہم کیے جانے کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے،رضاکار

باربار مہم کو موخرکرنے سے پولیو وائرس پر قابوپانا مشکل ہوجاتا ہے،ماہرین۔ فوٹو: فائل

کراچی میں سال رواں کی موخرکی جانے والی پہلی قومی انسداد پولیومہم دوبارہ شروع نہیں کی جاسکی، متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ نئی حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں 21جنوری سے شروع کی جانے والی پہلی انسداد پولیومہم شروع کی گئی تھی تاہم بدقسمتی سے مہم کے دوسرے روزکراچی میں 2خواتین سمیت 3پولیو رضاکاروں کوموت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا جس کے بعد مہم کو موخرکردیاگیا اوریہ اعلان کیاگیاتھا کہ مہم آئندہ چند روز میں دوبارہ شروع کردی جائیگی مہم کو موخر کیے 5دن گزرگئے لیکن کراچی میں موخرکی جانے والی انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کی جاسکی اورنہ ہی مہم کا اعلان کیاگیا۔




دوسری جانب پولیو رضاکاروں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رضاکاروں کوموثر سیکیورٹی فراہم کیے جانے کی کوئی یقین دہائی نہیں کرائی جاسکی، ان رضاکاروں نے بتایا کہ حکومت صوبے میں سیاسی عدم استحکام اور امن وامان کی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، حکومت پولیس افسران واہلکار سمیت دیگر شہریوں کی جان بچانے میں مکمل ناکام ہوچکی، ایسی صورت میں غریب پولیورضاکارخوف وہراس میں مبتلا ہیں، ان رضاکاروں نے بتایا کہ ہر مہم سے قبل بھرپورتحفظ کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے لیکن عملی اقدامات نہیں کیے جاتے ۔
Load Next Story