تابڑ توڑ چھاپے اور ٹارگٹڈ آپریشن میں 120 ملزم گرفتار

قائد آباد میں آپریشن کی نگرانی ہیلی کاپٹر سے کی گئی، رینجرز نے 12مشتبہ افراد کو تفتیش کیلیے نامعلوم مقام منتقل کردیا

قائد آبادمیں رینجرزکے ٹارگٹڈ آپریشن میں گرفتار ملزمان اور برآمدہونیوالا اسلحہ دکھایا جارہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

لانڈھی میں پولیس موبائلوں پر حملوں اور فائرنگ کے واقعات کے بعد پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں تابڑ توڑ ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں 120سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو لانڈھی میں6 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد پولیس اور رینجرز حرکت میں آگئی اور شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے گزشتہ روز علی الصباح رینجرز نے خفیہ اطلاع پر قائد آباد کے علاقے میں بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس میں خواتین اہلکاروں سمیت 500 سے زائد رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا ، رینجرز اہلکاروں نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل بند کر دیا جبکہ نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹر کا بھی استعمال کیا گیا ، گھر گھر تلاشی کے دوران 12 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، رینجرز حکام کے مطابق زیر حراست ملزمان میں2 مبینہ دہشت گرد بھی شامل ہیں، ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران حراست میں لیے جانے والے ملزمان کے قبضے سے48 مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کر کیے گئے ہیں جن میں جدید پستولیں ، کلاشنکوف اور آوان بم شامل ہیں اس موقع پر سیکٹر کمانڈر بھٹائی رینجرز جاوید بلوچ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے دوران کامیابی حاصل ہوئی ہے، انھوں نے بتایا کہ ٹارگٹڈ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل ایک جنگ ہے اور ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے، اسی طرح کے ٹارگٹڈ آپریشن آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔




ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز نے رحمت چوک ، سرحد اتحاد کالونی ، لیاقت آباد ، بنارس ، شرافی گوٹھ ، مجید کالونی ، دائود چالی ، فرنٹیئر کالونی اور میٹروول سائٹ ایریا میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن میں25 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا ، ترجمان کے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزمان میں لیاری گینگ وار ، سیاسی جماعتوں کے گروپ اور کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ملزم شامل ہیں، انھوں نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کر لیے گیے ہیں، ادھر پولیس نے لانڈھی نمبر 4، 6اور 89 کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 32 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ، قیوم آباد میں پولیس اور ریپڈ رسپانس فورس کے جوانوں نے سرچ آپریشن کے دوران42 ملزمان کو حراست میں لے لیا ، سرجانی ٹائون پولیس نے مقابلے کے بعد 8 جرائم پیشہ عناصر جو شہر میں دہشت پھیلانے میں ملوث ہیں کو گرفتار کر لیا، ایس پی اورنگی چوہدری کے اسد کے مطابق گرفتار ملزمان چند روز قبل ہی کراچی دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے آئے تھے، پاکستان بازار پولیس نے 2مبینہ بھتہ خور امجد اور سرفراز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
Load Next Story