بلوچستان کے بجٹ سے زائد رقم پنجاب ریپڈ بس منصوبے میں جھونک دی گئی عمران خان

پیپلز پارٹی کی نااہل اور کرپٹ حکومت نے سب سے زیادہ کرپشن، مہنگائی، بے روز گاری اور سب سے کم شرح نمو کے ریکارڈ توڑ دیے

پیپلز پارٹی کی نااہل اور کرپٹ حکومت نے سب سے زیادہ کرپشن، مہنگائی، بے روز گاری اور سب سے کم شرح نمو کے ریکارڈ توڑ دیے فوٹو: ایکسپریس/فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی پنجاب میں کارکردگی وفاق اور دیگر صوبوں سے نیچے ہے.

پنجاب حکومت نے صرف 22 کلو میٹر ریپڈ بس منصوبے پر 70 ارب روپے جھونک دیے جو بلوچستان کے مجموعی بجٹ سے بھی زیادہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے بلدیات کا سارا بجٹ اپنے پاس رکھ لیا ہے، تحریک انصاف کا سونامی نگراں حکومت کے لیے مک مکا کرنے والوں کو بہا کر لے جائیے گا، پیپلز پارٹی کی نااہل اور کرپٹ حکومت کے دور میں پاکستان نے سب سے زیادہ کرپشن، مہنگائی، بے روز گاری اور سب سے کم شرح نمو کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔


گزشتہ روز سینٹرل میڈیا سیل لاہور میں مخدوم جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود اور دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آرٹیکل157 کے تحت کوئی بھی صوبہ پاور ہائوس، گرڈ سٹشین یا ٹرانسمیشن لائن بچھا سکتا ہے اور 18ویں ترمیم کے بعد پنجاب نے اپنے بجٹ میں پاور جنریشن کے لیے9 ارب رکھے تھے مگر اس کے باوجود یہ اب تک ایک میگا واٹ بجلی پیدا نہیں کر سکے جبکہ دیگر صوبوں کی نسبت پنجاب میں جرائم کی شرح بھی زیادہ ہے.

موجودہ دور میں 5700 اسکول بند ہوچکے اور پنجاب کے25000 اسکولوں میں روزانہ صرف 15 منٹ پڑھائی ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت وفاق کی شرح نمو 3.4 فیصد جبکہ پنجاب کی2.5، زراعت میں وفاق کی ترقی3 فیصد، پنجاب کی ایک فیصدہے، صحت کے لیے 35 اور تعلیم کے لئے31 ارب رکھے گئے ہیں مگر صرف 22 کلو میٹرکے بس ریپڈ منصوبے کے لیے ابتدا میں21 ارب رکھے گئے جو بڑھ کر اب31 ارب اور منصوبے کی تکمیل تک 70 ارب ہو جائیں گے۔

اس منصوبے سے قبل زمین کا کسی قسم کا سائل ٹیسٹ نہیں ہوا اور نہ ہی اس منصوبے کا ٹینڈر کیا گیا، کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والی پنجاب حکومت پر قرضوں کے بوجھ میں80 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی برسر اقتدار آکر مسئلہ کشمیر حل کرے گی اور قوم کو اس کا روڈ میپ دے گی۔ عمراںخان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کسی صورت اتحاد نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی صرف اشتہارات کی حد تک ہی نظر آتی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story