نامی گرامی بھارتی بیٹسمین بھی فواد سے پیچھے رہ گئے

 پاکستانی اسٹار تیز ترین 5 سنچریاں جڑ کر ایشیا میں سب سے آگے نکل آئے۔

ہر قسم کی کنڈیشنز میں سرخرو، پانچوں بڑی اننگز الگ ممالک میں کھیلیں ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

نامی گرامی بھارتی بیٹسمین بھی فواد عالم سے پیچھے رہ گئے جب کہ پاکستانی اسٹار تیز ترین 5 سنچریاں جڑ کر ایشیا میں سب سے آگے نکل آئے۔

پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم ٹیم میں واپسی کے بعد مسلسل عمدہ پرفارم کر رہے ہیں،انھوں نے نہ صرف اپنے ناقدین کو آئینہ دکھایا بلکہ منفرد سنگ میل بھی عبور کرتے جا رہے ہیں،فواد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں تھری فیگر اننگزسجائی،یہ ان کی ٹیم میں واپسی کے بعد پانچویں سنچری شمار ہوئی۔


اس کے ساتھ ہی انھوں نے کم اننگز میں 5 سنچریاں بنانے کاایشیائی اعزاز بھی اپنے نام کرلیا،فواد نے22 اننگز کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا، اس معاملے میں بھارت کے نامی گرامی بیٹسمین بھی ان کے سامنے پانی بھرتے ہوئے دکھائی دیے، چتیشو پجارا 24، ساروگنگولی اور سنیل گاوسکر 25، 25 اور وجے ہزارے 26 اننگز کے دوران 5 سنچریاں بنا پائے تھے۔

صرف یہی نہیں بلکہ اس مقابلے میں خود پاکستان کے بھی اسٹار بیٹسمین فواد سے کافی پیچھے ہیں، یونس خان28، سلیم ملک اور جاوید میانداد 29، 29 جبکہ شاہد آفریدی 39 اننگز کے دوران 5 سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ ٹیم میں واپسی کے بعد فواد عالم کیلیے کنڈیشنز کی بھی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی، انھوں نے یہ 5 سنچریاں الگ ممالک میں اسکور کیں، ان میں سری لنکا، نیوزی لینڈ، پاکستان، زمبابوے اور اب ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم میں واپسی کے بعد انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں وہ صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے،اگلے میچ میں انھوں نے 21رنز بنائے اور دوسری اننگز میں صفر پر ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ میں پہلی اننگز میں 9 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد وہ اگلی باری میں 102 رنز اسکور کرکے فارم میں واپس آئے جس کا سلسلہ اب تک برقرار ہے۔
Load Next Story