قائداعظم ٹرافی فائنل اسلام آباد شکست کے دہانے پر پہنچ گیا

فتح کیلیے مزید 336 رنزکا پہاڑ سر کرنا ہوگا، راولپنڈی کو ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے صرف5 وکٹیں درکار

فتح کیلیے مزید 336 رنزکا پہاڑ سر کرنا ہوگا، راولپنڈی کو ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے صرف5 وکٹیں درکار،شعیب ناصر کی سنچری نے پوزیشن مستحکم بنائی۔ فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اسلام آباد شکست کے دہانے پر پہنچ گیا، ٹیم کو فتح کیلیے مزید 336 رنز کا پہاڑ سر کرنا ہوگا، راولپنڈی کو ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے صرف 5 وکٹیں درکار ہیں۔


اس نے شعیب ناصر کے177 رنز سے تقویت پاتے ہوئے دوسری اننگز میں398 کا مجموعہ پایا، یوں حریف سائیڈ کو فتح کیلیے436 کا ناممکن ہدف ملا، ناکامی کی جانب گامزن سائیڈ نے چوتھے روز کے اختتام تک صرف 99 پر5 قیمتی وکٹیں گنوا دیں ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں5 روزہ فائنل کے چوتھے دن راولپنڈی نے گذشتہ اسکور4 وکٹ پر 281 رنز سے نامکمل دوسری اننگزکا آغاز کیا،اسکور میں صرف 4 رنز کے اضافے سے اویس ضیا(22) جنید نادر کا شکار بن گئے،152 رنز کے ساتھ میدان میں اترنے والے شعیب ناصر نے خطرات کو محسوس کرتے ہوئے تیزرفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کردیا،314 کے مجموعی اسکور پر مزمل نظام(4) بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے، مجموعے میں ایک رن کے مزید اضافے کے بعد اوپنر کی ہمت بھی177 پر جواب دے گئی۔

بعدازاں زاہد منصورنے31 اور طلحہٰ قریشی نے36 رنز بناتے ہوئے ٹیم کا ٹوٹل398 تک پہنچا دیا، اختر ایوب 9 رنز پر میدان بدر ہوئے، جنید نادر نے111 اور مدثر علی نے 48 رنز کے بدلے3,3 وکٹوں کا سودا کیا، عماد وسیم نے70 رنز دے کر2پلیئرز کو پویلین بھیجا۔435 رنز کے پہاڑ کو سر کرنے کے لیے میدان میں اترنے والی اسلام آباد ٹیم کے ابتدائی 2بیٹسمین صرف 12 کے اسکور پر چلتے بنے، آفاق رحیم کو ناصر ملک نے کھاتہ کھولنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا، علی سرفراز(6) حسیب اعظم کا شکار بنے،52کے مجموعی سکور پر فیضان ریاض بھی 23 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انھیں ناصر ملک نے بولڈ کیا، اسکور جب 66 پر پہنچا تو دوسرے اوپنر ذیشان علی(28) اختر ایوب کی گیند پر طلحہٰ قریشی کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے،78 پر معید احمد کواختر ایوب نے شکار کیا۔ چوتھے روز کا جب اختتام ہوا تو ٹیم نے 99 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دی تھیں، کپتان عماد وسیم ناقابل شکست 29 رنزکے ساتھ مزاحمت کر رہے ہیں، جمعرات کو آخری روز ان کے ہمراہ شہزاد اعظم ایک رن کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ناصر ملک اور اختر ایوب نے 2,2 بیٹسمینوں کوپویلین کا راستہ دکھایا۔
Load Next Story