ڈھائی سال گزر گئے اداکارہ سپنا بازیاب ہوئی نہ کوئی ملزم پکڑا گیا

سپنا کو قتل کر دیا گیا، اہلخانہ، کیس عدالت میں ہے، پولیس بااثر خاندان پر ہاتھ نہیں ڈالتی، وکیل

سپنا کو قتل کر دیا گیا، اہلخانہ، کیس عدالت میں ہے، پولیس بااثر خاندان پر ہاتھ نہیں ڈالتی، وکیل۔ فوٹو: فائل

اداکارہ سپنا کیس میں ڈھائی سال گزرجانے کے باوجود تفتیش میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔


اغوا کا مقدمہ سردار ذوالفقار کھوسہ کے بیٹے، سابق وزیراعلی پنجاب دوست محمد کھوسہ کیخلاف درج ہوا تھا۔ مقدمہ میں اب تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں نہ آسکی۔ دوست کھوسہ نے اداکارہ سپنا سے پسند کی شادی کی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی بھی پیدا ہوئی۔ سپنا کے والد مثل خان کے مطابق انکی بیٹی دوست کھوسہ سے ملنے گئی تھی جس کے بعد انھیں اسکی کوئی خبر نہ مل سکی۔ تھانہ ریس کورس پولیس نے عدالتی حکم پر دوست کھوسہ، ان کے ڈرائیور اور گارڈز کیخلاف اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔

تاہم ڈھائی سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود مقدمہ میں کوئی پیشرفت ہو سکی نہ ہی کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔ اداکارہ کے زندہ یا مردہ ہونے کے بارے میں بھی کوئی حتمی بات سامنے نہ آئی ہے۔ سپنا کے اہلخانہ کو شبہ ہے کہ ان کی بیٹی کو قتل کر دیا گیا ہے۔ سپنا کیس کے وکیل اظہر صدیق نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کیس ہائیکورٹ میں ہے، انویسٹی گیشن افسران بااثر خاندان پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتے ہیں، آخری وقت سپنا خان کا دوست کھوسہ کے ساتھ ہونا ثابت ہو چکا ہے،اس لیے وہی جوابدہ ہیں۔
Load Next Story