ریلوے کا 1947 کو بھارت سے بحفاظت مسلمانوں کو لانے پرمیجررایس ایم رفیع کو خراج عقیدت

میجر (ر) ایس ایم رفیع نے دانشمندی سے بلوایوں کے حملوں سے بحفاظت 1200 میل کا سفر طے کرکے ٹرین کو پاکستان پہنچایا تھا

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی محمد حنیف گل نے میجر ایس ایم رفیع (مرحوم) کے گھر جاکر ان کی بیگم کو اعزازی شیلڈ پیش کی ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان ریلوے نے 1947 کو بھارت سے بحفاظت مسلمانوں کو لانے پرمیجر(ر)ایس ایم رفیع کو خراج عقیدت پیش کیا۔

14 اگست1947 کو بھارت سے ٹرین کے ذریعے مسافروں کو باحفاظت اور بہادری سے لاہور لانے والے مرحوم ميجر ریٹائرڈ ایس ایم رفیع کو پاکستان ریلوے نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی محمد حنیف گل نے میجر ایس ایم رفیع (مرحوم) کے گھر جاکر ان کی بیگم کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔

اس موقع پرمرحوم میجر ایس ایم رفیع کی بیگم نے محمد حنیف گل اور بالخصوص پاکستان ریلوے کی جانب سے ان کے شوہرکی خدمات کو یاد رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔

ایس ایم رفیع کی بیگم اپنے مرحوم شوہر کا تذکرہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں اور کہا کہ وہ ایک سچے پاکستانی بہت شفیق اور رحمدل انسان تھے۔


مرحوم کی زوجہ نے مزید کہا کہ ان کو تمام لوگوں کو جانوں کی فکر تھی لیکن میرے مرحوم خاوند نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر جرات اور دلیری سے مسافروں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچایا۔

اس موقع پر مرحوم میجر ایس ایم رفیع کی بیگم نے ٹرین کے ڈبوں کی وہ کرشماتی چابی بھی دکھائی، ٹرین کے ڈبوں کی یہ چابی بہادری اور پاکستان سے محبت کی وہ نشانی ہے جس کا مظاہرہ میجر (ریٹائرڈ) ایس ایم رفیح نے مہاجرین کی ہجرت کے دوران 1947ء میں کیا، انہیں ہندوستان کے مختلف علاقوں سے مہاجرین کو ٹرین کے ذریعے بحفاظت پاکستان پہچانے کا فریضہ سونپا گیا تھا۔

ترجمان کراچی ریلوے کے مطابق میجر رفیع نے اس چابی کے ذریعے ٹرین کے دروازوں کو اندر سے لاک کیا، مسافروں کو قرآن پاک کی تلاوت کی تلقین کی، خود ٹرین کے انجن میں رہنمائی کےلئے بیٹھے اور دانشمندی سے بلوایوں کے حملوں سے بحفاظت بارہ سو میل کا سفر طے کر کے ٹرین کو پاکستان پہنچا دیا۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے محمد حنیف گل نے کہا کہ عظیم میجر ایس ایم رفیع (مرحوم) پاکستان کے قومی ہیرو ہیں اور پاکستان کا قیمتی سرمایہ تھے، پاکستان ریلوے اپنے قومی ہیرو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
Load Next Story