علمِ نجوم کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

13 تا19 ستمبر 2021

13 تا19 ستمبر 2021

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا 20 اپریل
14 تاریخ یعنی منگل کا دن اولاد، کام اور شریکِ حیات یہ تینوں ایک تکونی شکل اختیار کرکے آپ کے صبر اور آپ کی ذہنی صلاحیت کا امتحان لیں گے۔ شریک حیات سے ان بن آپ کے کئی معاملات کو بگاڑ سکتی ہے۔ 15 کو والدہ اور اپنے جذبات دونوں کو سنبھالیں۔ آپ کو والدین کی مکمل حمایت حاصل ہے، لیکن یہاں آپ جذبات میں بہہ کے حد کو تجاوز کرنے کی غلطی کرسکتے ہیں۔ جمعہ اور ہفتہ چاند آپ کی کچھ بگڑی ہوئی کہانیاں سدھار سکتا ہے ۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
سوموار اور منگل دونوں ایام میں ذہنی الجھاؤ اور عجب طرح کی بے رنگی سی رہ سکتی ہے۔ کسی بات کو سمجھنے میں غلطی کا امکان ہے۔ مشتری آپ کے وقار کے خانے میں الٹا چل رہا ہے۔ کچھ داغ آپ کے سفید لباس کو میلا کرنے کی کوشش میں ہیں، محتاط رہیں۔ آپ کا سیارہ ایسے تعلق کی لال بتی کے پیچھے دوڑ رہا ہے جس کا انجام ممکن ہے ندامت کے سوا کچھ نہ ہو۔ اگرچہ اپنے آپ کو سنبھالنا ایک مشکل کام ہے لیکن اگر آپ نے سنبھال لیا تو پشیمانی سے بچ جائیں گے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ عطارد محبت اور اولاد کے خانے میں ہے جب کہ اولاد اور محبت کا نمائندہ سیارہ زہرہ ایسی جگہ ہے جہاں سے آپ کی مشقت اور مشکلات میں اضافہ ہی نظر آتا ہے۔ معدہ اور ساری منصوبہ بندی متاثر ہوسکتی ہے، بچوں کے حوالے سے آپ کی فکر بڑھ سکتی ہے، ان کی صحت اور تعلیمی امور اور محبت کے معاملے میں دل شکستگی کا اندیشہ ہے اس لیے زیادہ امیدیں وابستہ رکھنا مناسب نہ ہوگا۔ بدھ اور جمعرات مالی فائدہ ہونے کی امید ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
سورج اور مریخ آپ کی سوچوں میں گرماگرمی کا سا ماحول بنائے رکھیں گے۔14 اور 15 تاریخ کو مزاج کو ٹھنڈا رکھیں اور کوئی جذباتی فیصلہ نہ کریں۔ جمعے اور ہفتے کو آپ کے ان کاموں میں جو ناگہانی وجوہات کی بنا پر بند پڑے ہیں، ہلچل پیدا ہوسکتی ہے اور اگر آپ نے درست قدم اٹھایا تو ایک اچھا مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ بڑا بھائی، بہن آپ کی محبت اور توجہ کا طالب ہوسکتا ہے اور انہیں آپ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ نظام انہضام سے جُڑی کوئی بیماری جو کہ موروثی بھی ہے تنگ کرسکتی ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
آپ کا ستارہ سورج جو کہ آپ کی آمدن یعنی جیب کے خانے میں ہے ظاہر کرتا ہے اس ہفتے آپ کی توجہ مالی امور کو بہتر کرنے میں رہے گی، لیکن عطارد کہیں اور ہے جہاں وہ آپ کی آمدن کو آپ کے چھوٹی بہن بھائی اور چھوٹے سفروں پر کرچ کرواسکتا ہے۔ شاید اسی وجہ سے آپ کا لہجہ کڑواہٹ کا شکار ہوسکتا ہے۔ چاند اولاد، کام اور پھر شریک حیات اور عوامی تعلقات کے مقام پر رہے گا، اپنی اور بچوں کی صحت کا خیال رکھیں۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
اس ہفتے چاند گھر، اولاد اور کام کاج تینوں مقامات کو اپنی روشنی دے گا، اس کے ساتھ وہ آپ کا معاشرتی وقار بلند کرے گا، پرانے دوست اور اجنبی لوگوں پر بھی روشنی پڑے گی۔ کچھ قریبی مہربان آپ کی پریشانی کی وجہ بنے رہے، لیکن اس ہفتے کے آخر تک صورت حال بدلنے والی ہے۔ وہی لوگ جو آپ کی ذہنی تکلیف کا سبب تھے آپ کی مالی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے اور کچھ ایسے لوگوں سے بھی مالی فائدہ ہوسکتا ہے جنہیں آپ کم یا بالکل نہیں جانتے۔


برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
اندیشہ ہے کہ گذشتہ ہفتہ جیسا گزرا ہے ویسا اب کے نہیں ہوگا۔ ہونے والا نقصان واپس ہوسکتا ہے یا کوئی اور حل نکل آئے گا۔ کچھ پرانے دوست اور بڑے بہن بھائی آپ کے خلاف کسی غلط فہمی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ضروری ہے کہ ان کی شکایتوں کا ازالہ کرتے رہیں۔ 15 اور 16 جاب میں کچھ مسائل ہوسکتے ہیں۔ غیرضروری سفر ہوسکتا ہے۔ باس کا رویہ الٹ سکتا ہے اور یہ باتیں آپ کی جاب کو متاثر کرسکتی ہیں، ہفتہ اور اتوار خوب صورت دن ہوسکتے ہیں۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کا چارٹ بہت اچھا جارہا ہے۔ آپ کا سیارہ جو کہ جدید علمِ فلکیات کی رو سے پلوٹو ہے اور قدیمی کے لحاظ سے مریخ دونوں سیارے آپ کی حمایت ہی میں ہیں۔ پلوٹو جو کہ آپ کی بنیادی سوچ کے خانے میں ہے یہاں یہ آپ کی سوچ اور تفکر کو گہرائی دیتا ہے اور منگل اور بدھ کو چاند کے رنگ میں رنگے جانے کی وجہ سے آپ کی سوچ میں دوراندیشی کے اجزاء بھی شامل ہوجائیں گے۔ لمبے سفر کا امکان ہوسکتا ہے۔ مالی فائدے ہوں گے لیکن پیسہ گھر کے اخراجات پر اٹھ جائے گا، ممکن ہے نیا مکان لیں یا پرانے مکان کی نئے سرے سے تعمیروتزئین!

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
منگل کا دن صدقہ بھی دیں اور اپنے جذبات پر قابو بھی رکھیں۔ سیاروں کی کانفرنس کے مطابق آپ کے مزاج میں کچھ بگاڑ آسکتا ہے، وجہ کوئی بھی ہو، اس کا مطلب یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ آپ ایک نقصان کے غصے میں دوسرا نقصان خود جان بوجھ کر کرلیں۔ اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں، خواب بھی پریشان کرسکتے ہیں۔ ایسی باتیں جو خاندانی وراثت سے تعلق رکھتی ہیں متحرک ہوسکتی ہیں۔ 18 اور 19 تاریخ کو آپ کچھ غیرمتوقع ایسے فیصلے اور اقدام کر سکتے ہیں جن کی اس سے پہلے آپ ہمت نہیں کرپارہے تھے اور اس سے پہلے آپ کے پاؤں میں کچھ مجبوریوں کی زنجیریں تھی، وہ اب کے آپ توڑ دیں گے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
پلوٹو ایسا سیارہ ہے جو ایک طویل عرصہ تک اپنے اثرات رکھتا ہے۔ یہ تحقیق اور غوروفکر کا نمائندہ ہونے کے ساتھ آپ کے پرانے دوستوں کا بھی نمائندہ ہے۔ کسی بڑی عمر کے دوست کے آپ پر خاص اثرات ہیں جو کہ گذشتہ چار پانچ سالوں سے آپ کے فکری زاویوں کو نئی حیات بخش رہے ہیں۔ اکثر سیارے آپ کی حمایت کا علم بلند کیے ہوئے ہیں، خصوصاً اس ہفتے کے آخری تین ایام یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار آپ کی مالی بہتری کے اشارے دے رہے ہیں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
منگل کو شریکِ حیات سے گرما گرمی ہوسکتی ہے، ان کی صحت کی فکر کریں آپ کا شریکِ حیات اور آپ کی عزت وقار کا سیارہ ایسی جگہ ہے جہاں وہ آپ کی ذہنی الجھن کو بڑھا رہا ہے۔ مالی مسئلے یا کسی اور بات کی وجہ سے تعلق میں بگاڑ آسکتا ہے۔ محتاط رہیں۔ کسی ماتحت کام کرنے والے شخص سے کوئی خاص فائدہ ہوسکتا ہے۔ اولاد سے خوشی ملے گی۔ بیٹا سفر پر جاسکتا ہے اور آپ کے وقار کی بلندی میں اضافہ ہوگا۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
آپ کا سیارہ بیرون ملک اور اجنبی لوگوں پر روشنی ڈال رہا ہے۔ ازدواجی امور کا خانہ درہم برہم نظر آرہا ہے۔ تعلقاتِ عامہ بھی خاص نہیں ہیں، آپ کی توجہ کہیں اور ہے۔ مذہب کو بھی شک وشبہے کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ یوں لگتا ہے مایوسی کا ایک گہرا بادل ہے جو آپ کو گھیرے ہوئے ہے۔ بس نقصانات ہی کو سوچتے ہیں اور اتنا سوچتے ہیں کہ عملی زندگی کی گنجائش ہی نہیں بچتی۔ اس ہفتے کے آخر میں کسی سے خفیہ ملاقات ہوسکتی ہے۔
Load Next Story