ایک اور عالمی اعزاز جوکووچ کی دسترس میں آنے لگا

کیلنڈر ایئر گرینڈ سلم جیتنے کی52 سالہ تاریخ دہرانے کیلیے2 فتوحات درکار

یو ایس اوپن میں ایما ریڈوکانو نے بینسک کو ہرا دیا، ماریا سیکیری بھی کامیاب ۔ فوٹو : اے ایف پی

ایک اور عالمی اعزاز نووک جوکووچ کی دسترس میں آنے لگا۔

سربیئن ٹینس اسٹار نووک جوکووچ نے یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں اطالوی حریف میٹیو بیریٹنی کو زیر کرکے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے، یہ ان کی لگاتار 26 ویں گرینڈ سلم میچ فتح ہے، وہ اس سال کے اب تک تینوں گرینڈ سلم ٹائٹل جیت چکے اور اب ان کی نگاہیں آخری میگا ٹرافی پر جمی ہوئی ہیں۔

اگر وہ یہ اعزاز حاصل کرلیں تو1969 کے بعد ایک برس میں تمام گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے پہلے پلیئر بن جائیں گے۔ آخری مرتبہ یہ اعزاز روڈ لیور کو حاصل ہوا تھا۔


جوکووچ کو تاریخ رقم کرنے کیلیے پہلے سیمی فائنل میں جرمن اولمپک چیمپئن الیگزینڈر زویریف کی دیوار عبور کرنا ہوگی،ان کے ہاتھوں انھیں ٹوکیو میں سیمی فائنل میں ہی شکست ہوگئی تھی،34 سالہ ورلڈ نمبر ون جوکووچ یو ایس اوپن کی صورت میں ریکارڈ 21 واں گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کرسکتے ہیں، اس وقت وہ راجر فیڈرر اور رافیل نڈال کی طرح 20 ٹرافیز اپنے شوکیس میں سجائے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ویمن سنگلز میں ماریا سیکیری نے کیرولینا پلسکووا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے، یونان سے تعلق رکھنے والی سیکیری ایک روز قبل بیانکا اینڈریسکووا کا3 گھنٹے اور 30 منٹ تک مقابلہ کرنے کے باوجود کوارٹر فائنل میں ہشاش بشاش دکھائی دیں،اب ان کا مقابلہ برطانیہ کی 18 سالہ ایما ریڈوکانو سے ہوگا، جنھوں نے یو ایس اوپن کے مین ڈرا کیلیے کوالیفائی کرنے کے بعد سے اب تک ایک پوائنٹ ڈراپ نہیں کیا۔

کوارٹر فائنل میں انھوں نے خود سے کافی تجربہ کار اور ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی بیلینڈا بینسک کو شکست دی،وہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ پانے والی دوسری کم عمر کھلاڑی بنیں، ایک روز قبل کینیڈا کی 19 سالہ لیلی فرنانڈس نے فائنل 4 میں سیٹ بک کرائی تھی۔
Load Next Story