کتوں کی بہتات کئی اسپتالوں میں ویکسین کی عدم دستیابی

کتوں کی بہتات پر قابو نہیں پایا جاسکا، سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا۔

 عزیز آباد بلاک 2 میں کتے نے شہری کے پیر پر کئی جگہ کاٹ لیا: فوٹو: فائل

کراچی میں آوارہ کتوں کی بہتات پر قابو نہیں پایا جاسکا جب کہ آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہوگیاہے۔

کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 میں آوارہ کتے نے شہری پر اچانک حملہ کردیا، آوارہ کتے نے شہری کے پیر پر مختلف جگہوں پر کاٹ لیا، شہری نے اینٹی ریبیز ویکسی نیشن کے لیے مختلف سرکاری اسپتالوں کا رخ کیا جہاں ویکسین کی عدم دستیابی کے سبب گھنٹوں گزر جانے کے بعد ویکسی نیشن کرائی۔


متاثرہ شہری کا اپنی جاری وڈیو میں کہنا تھا کہ کتے نے پیر پر کاٹا جس کے بعد وہ ویکسین لگوانے کے لیے پہلے عباسی شہید اسپتال گیا جہاں ویکسین موجود نہیں تھی جس کے بعد وہ سندھ گورنمنٹ اسپتال گیا وہاں سے اسے جناح اسپتال بھیج دیا گیا، جناح اسپتال میں ویکسین لگائی، اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی عدم موجودگی کے سبب مختلف اسپتال میں پھرنا پڑا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب سے اپیل کرتے ہوئے اس کا کہنا تھا کہ کتوں کی بہتات ہوگئی، کتے چھوٹے بچوں کو بھی کاٹ لیتے ہیں لہٰذا شہر سے آوارہ کتوں کی تلفی یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ رواں سال جناح اسپتال میں 9ہزار سے زائد سگ گزیدگی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ انڈس اسپتال میں رواں سال سگ گزیدگی کے 6 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، کراچی کے 3 سرکاری اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی سہولت موجود ہے، سول اسپتال، جناح اسپتال اور انڈس اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکسین لگائی جاتی ہے۔
Load Next Story