برساتی پانی کی نکاسی کا منصوبہ حکومت کو بھیج دیا اورنگی میں 2 پارک بنائیں گے رؤف فاروقی

بارش سے قبل نالوں کو درست کرلیں گے،بلدیہ غربی کو صفائی کی مشینری فراہم کی جائیگی،صفائی مہم کے افتتاح پر گفتگو

منگھوپیراورحب ریورروڈ پراسٹریٹ لائٹس درست کرنیکاحکم،بلدیہ عظمیٰ اور غربی میں تعاون بہترہے ،رکن اسمبلی محمد حسین۔ فوٹو : فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے تمام برساتی نالوں کی تعمیر و ترقی اور درستگی کے لیے جامع منصوبہ تیار کرلیا ہے اور پی سی ون بناکر حکومت سندھ کو بھیج دیا ہے تاکہ برساتی پانی کی نکاسی کا مستقل حل تلاش کیا جاسکے۔

بارشوں سے قبل جن نالوں میں رکاوٹی مقامات درست کیے جائیں گے، اورنگی ٹائون میں دو نئے خوبصورت پارک تعمیر کے جائیں گے اور بلدیہ غربی کو صفائی کے لیے مشینری کی فراہمی سمیت ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، یہ بات بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رئوف اختر فاروقی نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن غربی کے زیر اہتمام اورنگی بلدیہ ، سائٹ اور کیماڑی میں صفائی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی محمدحسین ، سیف الدین خالد، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی نذیر احمد خلیفو، میونسپل کمشنر طارق حسین مغل، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم بھی موجود تھے، رئوف اختر فاروقی نے کہا کہ ضلع غربی میں صفائی مہم کا آغاز قابل ستائش ہے اور اس سے اورنگی ٹائون سمیت ضلع کی 40 لاکھ آبادی کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔




کراچی میں روزانہ 12 ہزار ٹن کچرا جمع ہوتا ہے جسے لینڈ فل سائٹس تک پہنچانا مشکل کام ہے لیکن ماحول کی بہتری کے لیے یہ کام ترجیحی بنیاد پر کیا جانا ضروری ہے، ایڈمنسٹریٹر نے منگھوپیر روڈ اور حب ریور روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے احکامات جاری کیے انھوں نے کہا کہ ضلع غربی کے دیگر علاقو ں میں صفائی ، نالوں کی صفائی اور درستگی کے لیے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اور بلدیہ عظمیٰ کراچی مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن غربی کے مابین باہمی تعاون بہتر ہے جس سے ترقیاتی اور صفائی کا کام بہتر طریقے سے ہورہے ہیں۔
Load Next Story