بگ تھری کو تجاویز منظور کرانے کیلیے مطلوبہ حمایت حاصل

بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور زمبابوے نے باقاعدہ معاہدے پردستخط کر دیے

پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا بورڈز کی مخالفت کچھ نہیں بگاڑ پائے گی۔ فوٹو:فائل

بگ تھری نے اپنی تجاویز منظور کرانے کیلیے مطلوبہ حمایت حاصل کرلی، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور زمبابوے نے باقاعدہ معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

ادھر آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک نے کہاکہ بگ تھری کا منصوبہ کامیابی کے قریب ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا پوزیشن ڈرافٹ کی حمایت نہیں بھی کرتے تب بھی منظوری کے لیے بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے مطلوبہ ووٹ حاصل کرلیے ہیں، اس سلسلے میں بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور زمبابوے نے خصوصی معاہدے پر دستخط کردیے۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آئی سی سی ڈیولپمنٹ انٹرنیشنل (آئی ڈی آئی) کے اجلاس میں صدر ایلن آئزک نے مجوزہ ایگریمنٹ کی حمایت کیلیے جب ممبران سے ہاتھ اوپر کرنے کو کہا تھا تو پاکستان اور جنوبی افریقہ سمیت سب کے نمائندوں نے ہاتھ اٹھا کر اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔




بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن نے چنئی سے ویڈیولنک کے ذریعے ایسا کیا، ذرائع نے کہا کہ میں خود میٹنگ میں موجود تھا اور میں نے کسی کو بھی مخالفت کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ دوسری جانب ایلن آئزک کا کہنا ہے کہ بگ تھری کی جانب سے کرکٹ کا کنٹرول سنبھالنے میں کوئی مضائقہ نہیں کیونکہ وہ کھیل کے بہترین مفاد میں کام کرسکتے ہیں، ابھی ان تجاویز پر بات چیت ہورہی ہے اس لیے ووٹنگ نہیں کی گئی تاہم 8 فروری کو سنگاپور میں شیڈول میٹنگ میں پیشرفت ہوسکتی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ نئی صورتحال میرے لیے کافی دلچسپ ہے کیونکہ 9جنوری سے پہلے کی صورتحال آپ دیکھیں تو ہر کوئی تنقید کرتا تھا کہ آئی سی سی کاکنٹرول بھارتی کرکٹ بورڈ کے پاس ہے، جب یہ ڈرافٹ پوزیشن پیپر افشا ہوا تو سب کرکٹ پر تین بورڈزکے کنٹرول پر تنقید کرنا شروع ہوگئے۔
Load Next Story