پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن میں 174 ملزمان کو گرفتار کرلیا

ملزمان سے 92 ہتھیار برآمد ہوئے،رینجرز، گینگ وارکا ملزم ٹارگٹ کلنگ اوربھتہ خوری میں ملوث ہے،انچارج سی آئی ڈی

سہراب گوٹھ :رینجرزکے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران برآمد کیا جانے والا اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جا رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں174ملزمان کوگرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے لیاری گینگ وار کے اہم ملزم مصطفیٰ ولد عبدالرحمٰن کو گرفتارکر کے ٹی ٹی پستول برآمد کر لی ،انچارج سی آئی ڈی مظہر مشوانی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا تعلق گینگ وار کے تاجو گروپ سے ہے اورگرفتار ملزم 5 افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث ہے ،سعید آباد پولیس نے ایک ملزم شاہد عرف شعیب کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے ٹی ٹی پستول اور دستی بم برآمد کر لیا ، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم تاجر سے بھتہ وصول کرنے آیا تھا،گرفتار ملزم کے 2 ساتھی فرار ہوگے ،سرسید پولیس نے 2ملزمان عمران اور دلاورکوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 پستول برآمد کر لیں، ایس ایچ او سر سید اشرف گجر کے مطابق گرفتار ملزمان صوبہ پنجاب کے علاقے لودھراں میں خاتون ناظرین بی بی کے قتل میں ملوث ہیں، میمن گوٹھ اور گڈاپ سٹی پولیس نے 3 ملزمان امین خاصخیلی،الطاف حسن اور طاہر علی خاصخیلی کو گرفتار کر لیا۔




پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 87 چھاپہ مار کارروائیوں اور4 پولیس مقابلوں میں110ملزمان کو گرفتار کر لیا ،جن میں 28 مفرور اور اشتہاری ملزمان ، اسلحہ ایکٹ کے تحت 9 ، منشیات ایکٹ کے10، ایک ڈکیت، ایک بھتہ خور، قتل کے الزام میں2 ملزمان دیگر جرائم میں58 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 12پستول ، ریوالور، مائوزر اور منشیات بھی برآمد کی گئی ، رینجرز نے گلشن سکندرآباد ،شیریں جناح کالونی ، گلشن غازی ، خادم سولنگی گوٹھ ، شاہ فیصل کالونی ، لیاقت آباد نمبر 3، مجاہد کالونی، زکری محلہ بستی ،کورنگی ، گولڈن ٹائون ، نیو سبزی منڈی اور الاعظم اسکوائر سہراب گوٹھ کے قریب خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے57 ملزمان کوحراست میں لے لیا،ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 92 ہتھیار برآمد ہوئے ہیں جن میں ایس ایم جیز، جی تھری رائفل ، دستی بم اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں ۔
Load Next Story