آئی سی ایچ سے علیحدگی ٹیلی نار 4 فروری کو عدالت میں موقف پیش کریگی

آئی سی ایچ کے قیام سے انٹرنیشنل ان کمنگ ٹریفک میں 75فیصد کمی کا سامنا ہے، ٹیلی نار

آئی سی ایچ کے قیام سے انٹرنیشنل ان کمنگ ٹریفک میں 75فیصد کمی کا سامنا ہے، ٹیلی نار فوٹو: فائل

ٹیلی نار کے اعلیٰ عہدے دار سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت پر آئی سی ایچ سے علیحدگی کے بارے میں ایل ڈی آئی آپریٹرز کی درخواست پر 4 فروری کو اپنا موقف عدالت کے روبہ رو پیش کریں گے۔

انڈسٹری ذرائع کے مطابق ٹیلی نار کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو 19دسمبر کو انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس سے علیحدگی کے بارے میں پیشگی مطلع کردیا گیا تھا۔ ٹیلی نار کی جانب سے پی ٹی اے کو ارسال کردہ خط میں کہا گیا تھا کہ آئی سی ایچ کے قیام سے انٹرنیشنل ان کمنگ ٹریفک میں 75فیصد کمی کا سامنا ہے جس سے سیلولر موبائل آپریٹرز کو اب تک ریونیو میں 15ارب روپے سے زائد کا خسارہ ہوچکا ہے۔ موبائل آپریٹرز کو موبائل ٹرمینیشن ریٹ برائے انٹرنیشن ان کمنگ ٹریفک ٹرمینیشن (MTR-I)کی ادائیگی کا مسئلہ بارہا توجہ دلانے کے باوجود حل نہ ہوسکا (MTR-I) کے حوالے سے آئی سی ایچ کی ہدایت پر عمل نہ کیا گیا تو ٹیلی نار 31دسمبر سے آئی سی ایچ ایگری منٹ سے علیحدگی اختیار کرلے گا۔


ذرائع کے مطابق (MTR-I) سے متعلق مسائل پر سیلولر موبائل آپریٹرز اور آئی سی ایچ کنسورشیم کا اجلاس 20دسمبر، 26دسمبر اور 27دسمبر کو منعقد ہوئے، 26دسمبر کو اجلاس میں ٹیلی نار نے ان کمنگ ٹریفک میں کمی سے ریونیو نقصانات کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی اس موقع پر آئی سی ایچ کے قیام سے قبل اور بعد میں ان کمنگ ٹریفک اور ریونیو کی تفصیل بھی بیان کی گئی دیگر آپریٹرز نے ٹیلی نار کے موقف کی تائید کرتے ہوئے MTR-Iکے مناسب ریٹ کا مطالبہ کیا۔ اس اجلاس میں بھی ٹیلی نار نے واضح کیا کہ ٹیلی نار ایل ڈی آئی ایگری منٹ سے علیحدگی کی تیاریاں مکمل کرچکا ہے۔ اس حوالے سے 27دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں پی ٹی اے نے MTR-I کے مسئلے کے حل کے لیے وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو سفارشات 6دسمبر تک ارسال کرنے کی یقین دہانی کرائی پی ٹی اے کی یقین دہانی پر سیلولر موبائل فون اور ایل ڈی آئی آپریٹرز 7دسمبر تک آئی سی ایچ کے حوالے سے موجودہ صورتحال برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تاہم پی ٹی اے کی جانب سے ارسال کردہ سفارشات پر وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خاموشی اور کوئی جواب نہ دیے جانے پر ٹیلی نار نے 25جنوری کو آئی سی ایچ سے علیحدگی اختیار کرلی۔

ذرائع کے مطابق آئی سی ایچ سے علیحدگی کے لیے ریگولیٹر یا کسی اتھارٹی سے اجازت یا مزید کسی پیشگی اطلاع کی کوئی قانونی پابندی نہیں ہے۔ ٹیلی نار کی آئی سی ایچ سے علیحدگی کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردہ ایل ڈی آئی آپریٹرز کی ایک درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے اپنے آرڈر میں 27جنوری کی پوزیشن (اسٹیٹس کو) برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان اور ٹیلی نار ایل ڈی آئی کمیونی کیشنز کے چیف ایگزیکٹیوز کو اپنا موقف پیش کرنے کے لیے 4فروری کو طلب کیا ہے۔ اس حوالے سے ٹیلی نار کی ڈائریکٹر کارپوریٹ کمیونی کیشن عاطفہ اصغر کا کہنا ہے کہ 27دسمبر 2013کو پی ٹی اے کی جانب سے 7 جنوری2014 تک پوزیشن برقرار رکھنے کا کہا گیا تاہم پی ٹی اے کی سفارشات پر وفاقی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا جواب موصول نہ ہونے پر 25 جنوری 2014 کو آئی سی ایچ سے علیحدگی اختیار کرلی گئی۔
Load Next Story